لبنان

اقوام متحدہ اسرائیل کو مقبوضہ علاقے خالی کرنے کا پابند بنائے۔ لبنانی وزیر اعظم

شیعت نیوز: لبنانی وزیر اعظم حسان دیاب نے لبنانی وزیر خارجہ زینہ عکر کے ہمراہ لبنان میں موجود اقوام متحدہ کی امن فورسز ’’یونیفل‘‘ کے ہیڈکوارٹرز کے دورے کے دوران کئے گئے اپنے خطاب میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ لبنان (اسرائیل کے ساتھ 33 روزہ جنگ کے خاتمے پر مبنی) اقوام متحدہ کی منظور شدہ قرار نمبر 1701 پر پوری طرح کاربند ہے۔

انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ اسرائیل کو بھی اس قرارداد پر عملدرآمد اور لبنان کے مقبوضہ علاقے خالی کرنے کا پابند بنائے۔

لبنانی وزیر اعظم نے UNIFIL ہیڈکوارٹرز کے دورے کے دوران کہا کہ غاصب صیہونی دشمن لبنان کی زمینی، سمندری اور ہوائی حدود کی مسلسل خلاف ورزیوں کا مرتکب ہوتا رہتا ہے۔

لبنانی وزیر اعظم حسان دیاب نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت اپنے غیرقانونی اقدامات میں اس قدر جرأت پیدا کر چکی ہے کہ اب اس کی طرف سے یہ ظاہر کیا جاتا ہے کہ اسرائیل اقوام متحدہ اور بین الاقوامی منظور شدہ قراردادوں پر بھی بالادستی رکھتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : یورپی ممالک کا اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کو سخت انتباہ

لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری فورس کے کمانڈر نے سٹیفانو ڈیلکور نے بھی اقوام متحدہ کی قرارداد نمبر 1701 پر مکمل عملدرآمد پر زور دیا اسرائیل کی جانب سے لبنان کے مقبوضہ علاقوں کے خالی کئے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم تمام فریقوں کی سلامتی پر مبنی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔

دوسری جانب حزب اللہ لبنان نے صیہونی حکومت کے قبضے سے جنوبی لبنان کی آزادی کو علاقے کی تاریخ کا سنگ میل قرار دیا ہے۔

المنار ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ لبنان کے نائب سربراہ شیخ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ جنوبی لبنان کے آزادی نے صیہونی فوج کے ناقابل شکست ہونے کا طلسم چکنا چور کر دیا۔

حزب اللہ لبنان کے نائب سربراہ نے کہا کہ فلسطین ، لبنان اور علاقے کے لئے صیہونی حکومت کا خطرہ بدستور باقی ہے اور اس بنا پر استقامت کو پوری طرح الرٹ رہنا چاہئے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button