دنیا

بھارت و پاکستان بری طرح کورونا کا شکار، متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ

شیعت نیوز : بھارت اور پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرین اور مرنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ بھارت میں متاثرین کی تعداد دس ہزار سے زائد تو پاکستان میں بھی متاثرین کی تعداد پانچ ہزار آٹھ سو کےقریب پہنچ چکی ہے۔

بھارت میں اکیس دن کے لاک ڈاؤن کے بعد بھی کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر نہ صرف قابو نہیں پایا جا سکا بلکہ اس عرصے میں انتہائی تیزی کے ساتھ کورونا نے پورے ملک میں اپنے پیر پھیلائے ہیں اور اب تک بھارت میں متاثرین کی تعداد دس ہزار سے زائد ہو گئی ہے جبکہ تین سو سے زائد لوگ کورونا میں اپنی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔

اس درمیان گذشتہ چوبیس گھنٹے میں بھارت میں کورونا کے مزید بارہ سو کیسز سامنے آئے ہیں اور اکتیس لوگوں کی موت ہوگئی۔ بھارتی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ان میں سے ایک ہزار چھتیس افراد صحتیاب ہو چکے ہیں ۔

یہ بھی پڑھیں : آئی ایس او کراچی کی خدمت مہم جاری، پریس کلب میں اینٹی کورونا سپرے کیا گیا

ملک میں کورونا کے متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ کے پیش نظر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو ٹی وی کے ذریعے قوم سے اپنے خطاب میں لاک ڈاؤن کی مدت آئندہ تین مئی تک بڑھا دی ہے۔

وزیر اعظم مودی نے کہا کہ اس بیماری کا مقابلہ کرنے کے لئے اگلے ایک ہفتے اور زیادہ سخت اقدامات کرنے کی ضرورت ہوگی۔ انہوں نے اکیس روز کے لاک ڈاؤن میں عوام کی جانب سے لاک ڈاؤن اور دیگر اصولوں کی پابندی کئے جانے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ آئندہ بھی لاک ڈاؤن کے قواعد اور اصولوں کی پابندی کیجئے۔ انہوں نے خبر دار کیا کہ اگر لاک ڈاؤن کے قوانین کا خیال نہیں رکھا گیا اور متاثرین کی تعداد بڑھتی ہے تو بیس اپریل کے بعد جو چھوٹ ملنے والی ہے اس کو واپس لے لیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : وزیر اعظم عمران خان کا ملک بھرمیں جاری لاک ڈاؤن میں مزید 2ہفتے توسیع کا اعلان

اس درمیان کانگریس پارٹی نے وزیراعظم کے خطاب پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ان کی تقریر میں صرف بیان بازی تھی اور انہوں نے خصوصی معلومات کے بارے میں کچھ بھی نہیں کہا اور نہ ہی غریبوں کی مدد کے لئے کسی پیکیج کا اعلان کیا۔

پاکستان میں کورونا سے متاثرین کی تعداد پانچ ہزار سات سو بیاسی ہو گئی ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد ایک سو ہے۔

صوبہ پنجاب میں کورونا کے دوہزار آٹھ سو چھبیس کیسز اب تک سامنے آ چکے ہیں۔ سندھ میں ڈیڑ ھ ہزار اور خیبرپختونخوا میں آٹھ سو افراد اب تک کورونا میں مبتلا پائے گئے ہیں۔

پاکستان میں اب تک تیرہ سو اٹھہتر مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

پاکستان میں اگرچہ لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے لیکن سندھ کے تاجروں نے اعلان کیا ہے کہ وہ پندرہ اپریل سے اپنا کاروبار شروع کرنے جا رہے ہیں۔ سندھ کے تاجروں کا کہنا ہے کہ اگر حکومت لاک ڈاؤن میں توسیع کرنا چاہتی ہے تو مکمل طور پر کرفیو نافذ کرے اور ہمارا بھی کوئی بندوبست کرے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button