اشرف غنی کے انتخابی دفتر کی جانب سے نتائج تسلیم کر لینے پر تاکید

شیعت نیوز:افغانستان کے صدارتی انتخابات کے نتائج کے اعلان کے بعد اشرف غنی کی انتخابی مہم چلانے والے دفتر نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ انتخابات میں کسی کی بھی ہار نہیں ہوئی ہے بلکہ سب کی جیت ہوئی ہے اور افغانستان میں شفاف انتخابات اور الیکشن کمیشن کے احترام کی ثقافت رائج ہونی چاہئے بنابریں تمام فریقوں کو اعلان شدہ نتائج تسلیم کر لینا چاہئے اور اگر انھیں کوئی شکایت ہے تو انھیں متعلقہ اداروں سے رجوع کرنا چاہئے۔ افغانستان میں صدارتی انتخابات کے اعلان شدہ ابتدائی نتائج کےمطابق اشرف غنی ، پچاس اعشاریہ چھے چار فیصد ووٹ حاصل کر کے پہلے نمبر پر ہیں اور عبداللہ عبداللہ نے تقریبا چالیس فیصد ووٹ حاصل کر کے دوسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ درایں اثنا عبداللہ عبداللہ کے انتخابی دفتر نے افغانستان کے الیکشن کمیشن کی جانب سے اعلان شدہ نتائج کو جس میں اشرف غنی کو کامیاب قرار دیا گیا ہے، مسترد کردیا ہے اور اسے غیرقانونی بتایا ہے۔عبداللہ عبداللہ کے انتخابی دفتر نے افغانستان کے الیکشن کمیشن پر ووٹوں کی گنتی میں دھاندلی کا الزام لگایا ہے اور کہا وہ عوام کے ووٹوں کا دفاع کررہا ہے اور اس کا ہر قانونی راستے سے دفاع کرے گا ۔