اہم ترین خبریںپاکستان

عمران خان بھی جی بی کے عوام کا دل نہیں جیت سکے، کیپٹن (ر) محمد شفیع

انہوں نے کہاکہ شاہی پولو گراونڈ میں عوام عمران خان کی تقریر سننے یا اسے دیکھنے نہیں آئے تھے بلکہ ایک امید لے کر آئے تھے۔آپ کی تقریر سننے کے بعد ناامید ہو کر واپس گھروں کو لوٹے

شیعت نیوز: اسلامی تحریک پاکستان کے رہنمااورقائد حزب اختلاف گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کیپٹن (ر) محمد شفیع نے کہا ہے وزیر اعظم پاکستان کی گلگت میں تقریر انتہائی مایوس کن رہی۔ گلگت بلتستان کی آزادی کے دن گلگت آئے اور جی بی کی آئینی حیثیت کے حوالے سے ایک جملہ کہنے کی ہمت تک نہیں کی۔ آزادی کے دن گلگت ضرور آئے مگر جی بی کو لوٹنے والی مسلم لیگ نون کی حکومتی کابینہ سے ملے۔ جی بی اسمبلی کو مکمل نظر انداز کر دیا۔

انہوں نے کہاکہ شاہی پولو گراونڈ میں عوام عمران خان کی تقریر سننے یا اسے دیکھنے نہیں آئے تھے بلکہ ایک امید لے کر آئے تھے۔آپ کی تقریر سننے کے بعد ناامید ہو کر واپس گھروں کو لوٹے۔ عمران خان گلگت بلتستان کے عوام کا دل جیت نہیں سکے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی گلگت میں عوامی اجتماع سے مایوس کن تقریر کے رد عمل میں میڈیا کے لئے جاری اپنے ایک بیان میں کیا۔

یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان کو آئینی حقوق دینے سے پاکستان کا موقف کمزور نہیں مضبوط ہو گا، علامہ ساجدنقوی

کیپٹن (ر) محمد شفیع نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام عمران خان سے بڑے توقعات رکھ رہے تھے کہ وہ آئینی حیثیت کے حوالے سے کوئی اعلان کرینگے مگر عمران خان نے بھی گلگت بلتستان کے عوام کو مایوس کیا ۔ صرف مبارکباد دینے کے لیے ہی آنا تھا تو اسلام آباد میں بیٹھ کر ہی مبارکبادی دے دیتے۔ گلگت میں آکر مسلم لیگ نون کی کابینہ سے ملاقات کرنا اور گلگت بلتستان اسمبلی کو نظر انداز کرنے سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ عمران خان بھی ان سے ملے ہوئے ہیں اور ان چوروں اور لٹیروں کو سپورٹ کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا اب گلگت بلتستان کے عوام کو اپنی ڈیڑھ ڈیڑھ انچ کی مسجدوں سے نکل کر اور وفاق پرستی سے نکل کر اپنے حقوق کیلئے متحد ہونا پڑیگا۔ اب عوام کو یہ جان لینا چاہیے کہ عمران خان ہمارا خیر خواہ ہے اور نہ ہی کوئی اور گلگت بلتستان کے عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنا ہوگا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button