اہم ترین خبریںپاکستان

ایران اور سعودیہ عرب کے درمیان بہترتعلقات وقت کی اہم ضرورت ہیں، علامہ عارف واحدی

پاکستان کا ایران اور سعودی عرب کے درمیان مذاکرات کیلئے سہولت کار کا کردار لائق تحسین ہے

شیعت نیوز: شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہاہے کہ مسلم اُمہ کی مشکلات کا حل اتحاد میں مضمر ہے، پاکستان کا ایران اور سعودی عرب کے درمیان مذاکرات کیلئے سہولت کار کا کردار لائق تحسین ہے، اس بڑے مقصد میں کامیابی عالمی سامراجی طاقتوں کی شکست اور پاکستان کیلئے عزت و عظمت کا سبب ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم کے دورۂ ایران کے حوالے سے اپنے رد عمل میں کیا۔

علامہ عارف حسین واحدی کا کہنا تھا کہ علامہ سید ساجد علی نقوی کا روز اول سے یہ موقف رہاہے کہ مسائل کا حل صرف اتحاد میں مضمر ہے اور اسی پر آج تک ہم عمل پیرا ہیں، ملک میں اتحاد ووحدت میں ہمارا کردار نہ صرف کلیدی ہے بلکہ ہم وحدت کے بانیان میں ہیں۔ ریاست پاکستان کا اتحاد کیلئے عملی اقدام انتہائی خوش آئند ہے۔ خطہ پہلے ہی بہت سے مسائل اور مشکلات کا شکار ہے، افغانستان سے شام تک جگہ جگہ افراتفری اور ہر طرف آگ و خون کے مناظر ہیں ایسے حالات میں خطہ مزید کسی نئے تصادم کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیر میں ظلم وبربریت پر اقوام عالم حتیٰ پاکستان کے دوست اسلامی ممالک کی ذاتی مفادات کی خاطر خاموشی تعجب آورہے،علامہ عارف واحدی

انہوں نے کہاکہ ایران اور سعودی عرب دونوں بڑے اسلامی ممالک ہیں جن کے تعلقات کا اثر پوری اسلامی دنیا پر پڑتا ہے،ان دونوں ممالک کے درمیان بہتر تعلقات وقت کی انتہائی اہم ضرورت ہے اس سلسلے میں پاکستان حالیہ کا کردار انتہائی بہترین ہے جو لائق تحسین ہے اور اس عظیم مقصد میں کامیابی سے سامراجی قوتوں کی شکست اور پاکستان کی عزت و عظمت میں اضافے کا سبب بنے گا۔

انہوں نے مزیدکہاکہ پاکستان کو ان سامراجی قوتوں سے خبردار بھی رہنا ہوگا کیونکہ عالمی سامراجی و صیہونی طاقتیں کسی صورت اسلامی دنیا میں امن و استحکام کی خواہاں نہیں ہیں کیونکہ اسلامی ممالک قدرتی دولت سے مالا و مال ہیں اگر یہاں امن و استحکام اور باہمی بھائی چارے کی فضا قائم ہوگی تو سامراجیت کے مذموم مقاصد خاک میں مل جائینگے لہٰذا ضرور ت اس امر کی ہے جس طرح پاکستان نے آگے بڑھ کر سہولت کار کا کردار ادا کرنا شروع کیاہے دوست ممالک بھی اس پر سنجیدگی کا مظاہرہ کریں اور اس سلسلے میں اب تک کوئی موقف سامنے آیا ہے وہ بھی خوش آئند ہے۔ آخر میں علامہ عارف واحد ی کا کہناتھا کہ پاکستانی وزیر اعظم کے اچھے اقدام پر سعودی عرب اور ایران دونوں اسلامی ممالک تعاون کریں تاکہ دشمن قوتیں خطے کے حالات سے کوئی فائدہ نہ اٹھاسکیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button