فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے اعلیٰ اختیاراتی وفد کی ایرانی دارلحکومت تہران آمد
ہفتے کے روز اپنے اخباری بیان میں پولٹ بیورو حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے بتایا تھا کہ تنظیم کا اعلیٰ اختیاراتی وفد تہران کا دورہ کرے گا

شیعت نیوز: فلسطین کی اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ کا اعلیٰ اختیاراتی وفد تنظیم کے پولٹ بیورو کے نائب صدر صالح العاروری کی قیادت میں ایرانی دارلحکومت تہران پہنچا ہے۔ حماس کا وفد کئی روز تک تہران میں قیام کرے گا۔
حماس کی زیر نگرانی چلنے والے متعدد نیوز پورٹلز کا کہنا ہے کہ حماس اپنے دورے کے دوران ایران کے سینیئر حکام سے ملاقاتیں کرے گا۔ وفد میں موسی ابو مرزوق، ماھر صلاح، عزت الرشق، زاھر جبارین، حسام بدران، اسامہ حمدان، اسماعیل رضوان اور ڈاکٹر خالد القدومی شامل ہیں۔
ہفتے کے روز اپنے اخباری بیان میں پولٹ بیورو حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے بتایا تھا کہ تنظیم کا اعلیٰ اختیاراتی وفد تہران کا دورہ کرے گا۔ انھوں نے امید ظاہر کی تھی کہ اس دورے کے ’’اہم نتائج‘‘ نکلیں گے۔
یہ خبر بھی لازمی پڑھیں : فلسطینی قوم سینچری ڈیل ناکام بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے: حماس رہنما
حماس کے شعبہ بین الاقوامی تعلقات کے سربراہ ڈاکٹر موسی ابو مرزوق نے ٹی وی تبصروں میں حماس اور ایران کے درمیان اچھے تعلقات کا اظہار کیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ یہ تعلقات کبھی نہیں ٹوٹے اور تاریخی طور پر یہ اچھے تعلقات جاری وساری ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ایران ان دنوں امریکی محاصرے میں ہے۔ اس لئے امریکی پالیسیوں کے خلاف اور امن کی پرچارک تمام طاقتوں کا یہ فرض بنتا ہے کہ وہ ایران کا ساتھ دیں اور اس کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں۔