پاکستان

دنیا کو دکھانے کیلئے ابھینندن کو تورہا کردیتے ہو لیکن محب وطن جوانوں کو قید رکھا ہواہے، قاضی احمد نورانی

ان کا کہناتھاکہ عارف علوی صاحب ہمیں تو شرم آتی ہے کہ آپ کے نام کی نسبت اتنی اعلیٰ ہے کہ ہم سوچ بھی نہیں سکتے۔یا تو ان مظلومین کی آواز سنونہیں تو ہمیں تمہارا شجرہ نصب کھنگالنا پڑے گاکہ تمہارے نام میں علوی کہاں سے آگیا

شیعت نیوز: معروف اہل سنت عالم دین علامہ قاضی احمد نورانی نے شیعہ لاپتہ افراد کے اہل خانہ کی جانب سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی رہائش گاہ پر جاری احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تم دنیا کو دکھانے کیلئے ملک دشمن کلبھوش کو اس کی ماں بہنوں سے ملواسکتے ہوتو ان ماؤں بہنوں کو کیوں نہیں۔اے تحریک انصاف والوں تمہارے انصاف کا دہرا معیار کیوں ہے۔دنیا کو دکھانے کیلئے ابھینندن کو تورہا کردیتے ہو لیکن ان محب وطن جوانوں کو قید رکھا ہواہے۔

انہوں نے کہاکہ میں ان نوجوانوں کو نہیں جانتا جن کیلئے یہ احتجاج جاری ہے۔ ان میں سے کسی نے ملکی سلامتی کے خلاف کوئی جرم تو نہیں کیا ہوگااور تمہارا کیا کہنا یہ تو ریت ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کی راتوں رات دیت ادا ہوجاتی ہے اور اگر کوئی غریب لاپتہ ہو جائے تو اس کی ماں رو رو کر اپنی آنکھیں ضائع کردیتی ہے۔

ان کا کہناتھاکہ عارف علوی صاحب ہمیں تو شرم آتی ہے کہ آپ کے نام کی نسبت اتنی اعلیٰ ہے کہ ہم سوچ بھی نہیں سکتے۔یا تو ان مظلومین کی آواز سنونہیں تو ہمیں تمہارا شجرہ نصب کھنگالنا پڑے گاکہ تمہارے نام میں علوی کہاں سے آگیا۔بڑے مشکوک معاملات ہیں میرے مولاؑ سے جس کی نسبت ہو وہ انصاف کیا کرتا ہے وہ مظلوموں کا حامی ہوا کرتا ہے۔ وہ مظلوموں کی دادرسی کرتا ہے اور نصرت کیا کرتا ہے ۔

قاضی احمد نورانی نے کہاکہ تمہارے محل کے سامنے سینکڑوں خواتین زنجیر ہلا رہی ہیں کسی کا لال ، کسی کا سہاگ اور کسی کا بھائی زنجیروں میں جکڑا ہوا ہے ۔ ہمیں تو یہ بھی نہیں معلوم کہ وہ زنجیروں میں جکڑا ہواہے یا کہاں ہے ؟؟ خدا رحم کرے ۔ہم سے بڑا اس ملک کا وفادار کون ہوگا؟ ہم تو قربانیاں دیتے چلے آئے ہیں ۔اور سنواگر تم یہ سمجھتے ہو کہ ظلم وجبر کہ یہ ہتھکنڈے تمہاری سازشیں تمہارے محلات کے جاری فرمان کسی کی آواز کو دبا دیں گے تو جاؤجاکر تاریخ کو پڑھو 14سو سال پہلے بھی کسی نے شام کے محل میں حق کی آواز دبانے کی کوشش کی تھی لیکن وہ ناکام ہو ا تھا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button