پاکستان

کوئٹہ میں دھماکہ اور انسانی جانوں کا نقصان قابل مذمت ہے، دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیزکیاجائے، علامہ ساجد نقوی

شیعیت نیوز: سربراہ شیعہ علماءکونسل پاکستان اور متحدہ مجلس عمل کے مرکزی سینئر نائب صدر علامہ سید ساجد علی نقوی کی کوئٹہ سبزی منڈی میں ہونیوالے بم دھماکہ کی مذمت،قیمتی جانوں کے نقصان پر دلی افسوس کا اظہار، علامہ ساجد علی نقوی کہتے ہیں دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز اور موثر کیا جائے تاکہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہوسکے، دشمنوں کی سازشوں سے بھی خبردار رہنا ہوگا، شیعہ علماءکونسل پاکستان کی جانب سے بھی سبز ی منڈی سانحہ ہزار گنجی میں ہونیوالے دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت ۔جمعہ کی صبح کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی کی سبزی منڈی میں ہونیوالے دہشت گردی کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ اس سانحہ میں درجنوں بے گناہ پاکستانی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، اس سانحہ میں جاں بحق ہونیوالے متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور انکے ساتھ مکمل اظہار ہمدردی کرتے ہیں۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ پاکستان ایک عرصہ سے دہشت گردی کا شکار ہے، دہشت گردی کے خاتمے کےلئے مزید موثر اور تیز کارروائیاں کرنے کی ضرورت ہے، دہشت گردی کے خاتمے کےلئے اس جڑوں تک پہنچنا ہوگا اور اسے ختم کرنا ہوگا۔

 انہوںنے اس موقع پر اس سانحہ میں زخمی ہونیوالے افراد کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی ۔ علاوہ ازیں قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی نے برادر پڑوسی اسلامی ملک اسلامی جمہوریہ ایران میں تاریخی سیلاب کے باعث ہونے والے جانی ضیاع و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین سیلاب زدگان کے ساتھ بھر پور تعاون کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں پاکستانی عوام اپنے ایرانی بھائیوں کے ساتھ ہیں اور پاکستان حکومت کی جانب سے ایران سیلاب زدگان کی امداد احسن اقدام ہے اور پاکستانی عوام بھی اپنی سطح پرسیلاب زدگان سے تعاون میں بھر پور کردار اداکریں ۔ دوسری جانب شیعہ علماءکونسل پاکستان کی جانب سے سبزی منڈی ہزار گنجی ہونیوالے دہشتگردی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی، سیکرٹری جنرل شیعہ علماءکونسل علامہ عارف حسین واحدی نے اپنے مذمتی بیان میں کہاکہ دہشتگرد ایک مرتبہ پھر سر اٹھارہے ہیں جسے زور دار طریقے سے کچلنا ہوگا، دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں، سانحہ میں ملوث دہشتگردوں کے سرپرستوں پر ہاتھ ڈالا جائے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button