پاکستان

ایم ڈبلیوایم کراچی کا بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ اور مزار قائد پر تجدید عہد

شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے ملک گیر دفاع مادر وطن عوامی ریلیوں اور احتجاجی مظاہروں کا انعقاد،یوم دفاع مادر وطن کے تحت ریلیوں کا انعقاد سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس کے اعلان پر کیا گیا ریلیو ں کا مقصد حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں پاک افواج کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ہندوستان کی جنگی جارحیت کی مذمت اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کرنا تھا ۔ملک بھر کے تمام اضلاع اور اہم شہروں لاہور،کراچی ،کوئٹہ، پشاور،اسلام آباد ،آزاد کشمیرسمیت گلگت و بلتستان کے مختلف اضلاع میں سینکڑوں مقامات پر دفاع مادر وطن عوامی ریلیاں نکالی گئیں۔

کراچی میں بھی ملک بھر کی طرح یوم دفاع مادر وطن کےموقع پرایم ڈبلیوایم کراچی ڈویژن اور ہیت آئمہ مساجد وعلمائے امامیہ پاکستان کے زیر اہتمام جامع مسجد نورایمان ناظم آباد کے باہر احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گیاجبکہ ملیر تا مزارقائد تک دفاع مادروطن موٹر سائیکل ریلی بھی نکالی گئی، احتجاجی مظاہرے اور موٹر سائیکل ریلی میں بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی، مظاہرین پاکستان زندہ باد ، پاک فوج پائندہ باد اور ہندوستان مردہ بادکے فلک شگاف نعرے لگاتے رہے مظاہرے سے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ سید باقرعباس زیدی، مرکزی صدر مجلس علمائے شیعہ پاکستان علامہ مرزایوسف حسین اور ہیت آئمہ مساجد وعلمائے امامیہ پاکستان کے رہنما علامہ نعیم الحسن الحسینی نےاور مزار قائد پر تجدید عہد وفاکی تقریب سے ایم ڈبلیوایم کے رہنما سید علی حسین نقوی ،علامہ صادق جعفری، اہل سنت عالم دین شاہ فیروز الدین رحمانی اور مولانا عبداللہ جونا گڑہی نے خطاب کیا ۔

ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما علامہ باقرعباس زیدی کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ ہندوستانی جارحیت کے خلاف پورے ملک کی عوام اپنے وطن کے محافظوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے تمام سیاسی و دینی قیادت اس حساس مرحلے پر متحد ہے ۔ وطن سے عشق ہمارے دین اور ایمان کا حصہ ہے مادر وطن پر جان نثار کرنا ہر پاکستانی اپنے لئے باعث افتخار سمجھتا ہے ۔ہم دنیا کی کسی بھی طاقت کو وطن عزیز کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت نہیں دیں گے،بھارت امریکہ اور اسرائیل دنیا کی امن کے لئے ایک مستقل خطرہ ہیں ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائےعلامہ مرزایوسف حسین نے کہاکہ جذبہ شہادت سے سرشار یہ غیور قوم دشمن کے ہر مذموم عزائم کو خاک میں ملانے کے لئے ہمہ وقت سر بکف تیار ہیں وطن کی سلامتی و استحکام کے لیے کسی بھی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرینگے۔

ہیت آئمہ مساجد وعلمائے امامیہ پاکستان کے رہنما علامہ نعیم الحسن کا کہنا تھا کہ مادر وطن کی حفاظت کے لئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گئے ، مادر وطن کا بچہ بچہ ملک دشمنوں کے آگے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑا ہوگا ۔علی حسین نقوی کا مزا ر قائد کے سامنے تقریب تجدید عہد وفاسے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دشمن کی گیڈر بھبکیوں کے جواب میں پاک فوج کے اقدام نے قوم کا مورال بلند کر دیا ہے اب اور بھی زیادہ حوصلے و جرت سے مقابلہ کرنے کو تیار ہیں ، پاکستان کو اس نازک اور اہم مرحلے پراندازہ ہو گیا ہے کہ دنیا میں ہمارے دوست اور دشمن ملک کون سے ہیں ۔جب تک ہم معاشی طور پرمضبوط نہیں ہونگے اور ہر معاملے میں قومی وقاراور مفاد کو مقدم نہیں رکھیں گئے ہمارے ساتھ کوئی بھی ملک کھڑ انہیں ہو گا ۔ہمیں ایک قوم بن کر ملک کی ترقی اور سربلندی کے لئے کوششیں کرنا ہوں گی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button