پاکستان

بھارتی آرمی چیف کا بیان ہندوستانی ڈیموکریسی کے منہ پر طمانچہ، علامہ عارف واحدی

شیعیت نیوز: شیعہ علماءکونسل پاکستان کے مرکزی جنرل سیکریٹری علامہ عارف حسین واحدی کہتے ہیں جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام مسئلہ کشمیر سے جڑا ہے، مظلوم کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دیا جائے، علامہ ساجد علی نقوی کے فرمان کے مطابق مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے،مسئلہ کشمیر کے مستقل حل کےلئے امت مسلمہ کو یکساں موقف اختیار کرنا ہوگا، بھارتی آرمی چیف کا بیان انڈین جمہوریت اور سیکولرریاست کے منہ پر طمانچہ ہے،بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی کی انتہاءکردی، آئے روز نہتے کشمیریوں کی شہادت انتہائی المناک، مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کےلئے حکومت پاکستان سفارتی محاذ پر بھرپو ر کردار ادا کرے، جنوبی ایشیا کا امن مسئلہ کشمیر سے وابستہ ہے ۔

ان خیالات کااظہار انہوںنے بھارتی آرمی چیف کے حالیہ بیان کی مذمت اور مقبوضہ کشمیر میں حالیہ چند دنوں میں ایک درجن سے زائد نہتے کشمیریوں کی شہادت پر دلی افسوس اور کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کیا۔ علامہ عارف حسین واحدی نے کہاکہ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے فرمان کے مطابق مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے اور عالمی برادری سیاسی و سفارتی سطح پر بھرپور عملی اقدامات کے ذریعہ نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم رکوانے میں کردار ادا کرے۔

علامہ عارف حسین واحدی نے کہاکہ اس وقت پوری دنیا باالخصوص اسلامی دنیا مختلف چیلنجز کا سامناکررہی ہے سب سے اہم مسئلہ اسلامی ممالک میں امن کا فقدان ہے جہاں مختلف حیلوں، بہانوںاور سازشوں کے ذریعے مختلف مسائل پیدا کرنے کی کوشش کرکے عوام کو باہم لڑانے کی کوششیں کی جاتی ہیں جبکہ اور بھی کئی طریقے استعمال کرکے اسلامی ممالک کی معیشت کو متاثر کرنے کی سازشیں کی جاتی ہیں، امہ کو اس سلسلے میں بیدار مغزی کا ثبوت دیتے ہوئے اتحاد امہ کےلئے سنجیدہ کوششوں کی ضرورت ہے، مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا کا سب سے بڑا مسئلہ ہے جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا اس وقت تک خطہ میں امن کا قیام شرمندئہ تعبیر نہیں ہوسکتا، انہوںنے کہاکہ ہمارا واضح اور دوٹوک موقف ہے کہ مسئلہ کشمیر کو عوامی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے اور انہیں ان کا حق خود ارادیت دیا جائے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button