پاکستان

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی ہفتہ وحدت کا آغاز،12ربیع الاول کوعظیم الشان جشن عید میلاد النبی ؐ شیعہ سنی مسلمانوں نے مل کر منایا

شیعیت نیوز: دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی  ہفتہ وحدت کا آغازہوگیا،12ربیع الاول کوعظیم الشان جشن عید میلاد النبی ؐ شیعہ سنی مسلمانوں نے ملک بھرمیں مل کر منایا،وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں ، آزادجموں کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی شیعہ سنی پاکستانیوں نے جلوس ہائے میلاد النبیؐ میں بھرپور انداز میں شرکت کی اور مجلس وحدت مسلمین، شیعہ علماءکونسل ، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور دیگر تنظیموں نے رسول اکرم آقائے دوجہاں حضرت محمد مصطفیٰﷺکی ولادت باسعادت کی مناسبت سے جشن میلاد النبیﷺ کے شرکاء کے استقبال کے لئے کیمپس اور سبیلیں لگائیں، جبکہ شیعہ علمائے کرام اور عوام نے اہل سنت برادران کی جانب سے نکالے گئے جلوسوں میں خصوصی شرکت اور خطابات کیئے، علمائے مکتب جعفریہ نے امت مسلمہ کو جشن میلاد النبیؐ کی مبارک دیتے ہوئے کہاکہ
 ایک مرتبہ پھر شیعہ سنی مسلمانوں نے جشن میلاد النبیؐ مل کر مناکر دشمنان اسلام کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملادیاہے، نواسہ رسول ؐ امام حسین ؑ کا غم اور رسول خداؐ کی ولادت کا جشن امت مسلمہ کی مشترکہ میراث ہے، مملکت خداداد پاکستان کے حکمران اور سیاست دان اگر رسول کریم ﷺ کے اسوہ حسنہ پر عمل کریں تو ملک کو درپیش مشکلات اور دہشت گردی جیسے عفریت سے مکمل چھٹکارہ ممکن ہے ۔

شیعہ علمائے کرام نے مزیدکہاکہ سرورکائنات رحمت للعالمین کی ذات اقدس ہی مسلم امہ کے درمیان مرکزِوحدت ہے۔ عید میلادالنبی ﷺ کے جلوسوں میں جس اتحاد و یگانگت کے ساتھ شیعہ سنی عوام شریک ہوئے اس سے بخوبی اس بات کا انداز لگا یا جا سکتا ہے کہ پاکستان میں شیعہ سنی یک جان اور متحد ہیں،نفرت اور دہشت گردی پھیلانے والوں کا دونوں مکتب سے کوئی تعلق نہیں،ماہ ربیع الاول کے ان بابرکت ایام میں جس عملی وحدت کا مظاہرہ دیکھنےمیں آیا یہ اس بات کی واضح دلیل ہے کہ فرقہ پرستوں کو اپنے مذموم عزائم میں شکست ہوئی ہے،،دہشت گرد دراصل ملک میں فرقہ واریت کو ہوا دے کر مسلمانوں کو آپس میں دست و گریبان کرکے ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔

ملک بھر میں جشن عید میلادالنبیﷺ کے سلسلے میں عاشقان رسول ﷺ نے اپنے گھروں کو خوبصورت برقی قمقموں سے سجا رکھا ہے،جشن میلاد النبیﷺ کے موقع پر تمام سرکاری وغیرسرکاری عمارتوں پرچراغاں کیا گیا ہے جبکہ گھروں، مساجد، دفاتر، مارکیٹوں، بازاروں اور شاہراوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے،وفاقی درالحکومت سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں عید میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں جلوس اور ریلیاں نکالی جارہی ہیں،عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر جلوسوں اور محفلوں کی حفاظت کے لیے وفاقی اورصوبائی حکومتوں کی جانب سے سخت سیکورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

کراچی پولیس کی جانب سے عید میلاد النبیﷺ کے مرکزی جلوس کے سیکورٹی کے لیے 23 ہزار اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ 5 ہزار پولیس اہلکار مرکزی جلوس کی گزرگاہ اور داخلی اور خارجی راستوں پرتعینات کیے گئے ہیں،کراچی میں مرکزی جلوس کھارادر سے برآمد ہوکر نشترپارک میں اختتام پذیر ہوا، پشاور کا مرکزی جلوس میلاد چوک سے برآمد ہوا، لاہورکا مرکزی جلوس دہلی دروازے سے برآمد ہوا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button