پاکستان

ریلیز فیصل عابدی موومنٹ کا آغاز، فیصل عابدی کی رہائی کیلئے ملک اور بیرون ملک احتجاجی مظاہروں کا اعلان

شیعیت نیوز: نمائش چورنگی پر ریلیز فیصل رضا عابدی موومنٹ کی جانب سے ہنگامی پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، پریس کانفرنس سے فیصل رضا عابدی کے والد نیئر رضا عابدی اور دیگر رہنماوں جس میں صغیر عابد، محمد یعقوب شہباز، علامہ فرقان حیدر عابدی، راشد رضوی، اقبال حیدر عموں، سہیل رضا، رضی حیدر رضوی، ایڈوکیٹ شجاع عباس اور دیگر کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ فیصل رضا عابدی کو حق گوئی کی پاداش میں اور انصاف فراہم کرنے والوں کی طرف سے کی جانیوالی کوتاہیوں پر توجہ دلانے پر جھوٹے الزامات میں گرفتار کرنا انتہائی غیر مناسب عمل ہے، فیصل رضا عابدی کے حوالے سے دوہرا معیار انصاف قائم کیا گیا، فیصل رضا عابدی کا جرم بے گناہ افراد کی حمایت میں گفتگو کرنا اور شہداء کے خاندانوں کے انصاف کے لئے آواز بلند کرنا تھا، کتنے ہی بااثر سیاستدان، مذہبی رہنماء انتہائی نامناسب انداز اور گالم گلوچ کے ساتھ اعلی عدلیہ کو للکارتے رہے ہیں، اسمبلی فلور پر سابق وزیراعظم، سابق خادم اعلیٰ نے اعلی ترین عدلیہ کو نشانہ نہیں بنایا کیا لیکن فیصل رضا عابدی کو توہین عدالت میں سوموٹو ایکشن لیتے ہوئے طلب اور باقی دوسروں کو نظر انداز کرنا دوہرے معیار کو ظاہر کرتا ہے، ایک ہی طرح کے الزام میں 3 مقدمات قائم کرتے ہوئے انتہائی نامناسب انداز میں ایک محب وطن کو گرفتار کرنا یہ ظاہر کرتا ہے فیصل رضا عابدی کا دہشت گردی اور ملک کو لوٹنے والوں کے خلاف آواز اٹھانا فیصل رضا عابدی کا جرم بن گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ فیصل رضا عابدی پر توہین عدالت کا الزام لگاکر عدالت میں طلبی اور راتوں رات ایف آئی آر کاٹ کر ان کو گر فتار کرلینا جانبداری کی واضح مثال ہے، فیصل رضا عابدی نے اپنے موقف کو ہمیشہ دلیل، شواہد اور دستاویزی ثبوت کے ساتھ میڈیا اور عدالت میں پیش کیا ہے، مگر ان کی آواز کو دبانے کے لئے محسوس یہ ہورہا ہے کہ عدالت خود ایک فریق بن گئی ہے، آج ریلیز فیصل رضا عابدی موومنٹ کا آغاز ہوچکا ہے، اس سلسلے میں بعد نماز جمعہ ملک بھر میں اور بیرون ملک میں احتجاج کیا جائیگا، کل کراچی میں مرکزی احتجاجی مظاہرہ خوجہ اثناء عشری مسجد کھارادر کے باہر 1:30 بجے دن منعقد کیا جائے گا، جس میں مختلف مکاتب فکر اور مذاہب کے رہنماء خطاب کریں گے اور آئندہ کے لائحہ کا اعلان کریں گے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button