پاکستان

ڈی آئی خان: ایم ڈبلیوایم کے وفد سے شہداء کے ورثا سے اجتماعی ملاقات

شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلیمن ڈیرہ اسماعیل خان کا ہنگامی اجلاس زیرصدارت ضلعی جنرل سیکرٹری ایم ڈبلیو ایم مولانا غضنفرنقوی جامع مسجد حضرت علیؑ (لاٹو فقیر) منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم کی ضلعی کابینہ کے علاوہ سادات و مومینن بالخصوص دہشت گردی میں شہید ہونے والوں کے ورثاء جن میں مرد و خواتین کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی جنرل سیکرٹری مولانا غضنفرنقوی نے کہا کہ شہداء کے ورثا کو بلانے کا مقصد یہ ہے کہ آپ تمام کو آگاہ کیا جائے کہ چیف جسٹس آف پاکستان نے ڈی آئی خان میں قتل عام پر نوٹس لیا ہے اور اس ضمن میں ایم ڈبلیو ایم اپنے وکلاء کے زریعے ڈی آئی خان میں کھیلی جانے والی خون کی ہولی سے متعلق چیف جسٹس آف پاکستان کے سامنے اصل صورت حال پیش کرنے جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم آپ لوگوں کو اعتماد میں لئے بغیر کوئی فیصلہ نہیں کرتی۔ آج ہمارے اکٹھے ہونے کا مقصد بھی یہی ہے کہ ہم سب بیٹھ کر ڈی آئی خان میں قتل عام بالخصوص ملت تشیع کے قتل عام پر مشاورت کر کے سپریم کورٹ میں کیس کے حوالے سے مفید آراء لے سکیں اور اس کیس کے حوالے سے ایم ڈبلیو ایم کے لائحہ عمل سے آپ کو آگاہ کر سکیں

اس موقع پر مولانا غضنفر نقوی نے سپریم کورٹ میں جمعہ کو ڈی آئی خان قتل غارت کیس کی سماعت کے حوالے سے ایم ڈبلیو ایم کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا کہ ہم کس طرح اس کیس کو لڑ رہے ہیں۔ ملک کے بہترین وکلاء اس کیس کو دیکھ رہے ہیں اور ہم نے ڈی آئی خان میں تمام مکاتب فکر کے افراد کی ٹارگٹ کلنگ کا مکمل ڈیٹا اپنی وکلاء کی ٹیم کو دے دیا ہے

انہوں نے کہا کہ جمعہ کو سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت ہے اس سماعت کے بعد کے حالات و واقعات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم آپ تمام کی مکمل حمایت و مشاورت سے لائحہ عمل تیار کریں گے۔ اگر ہمیں شہداء کی فیملیز اور یتیم بچوں کو سپریم کورٹ لے جانا پڑے اور چیف جسٹس کے سامنے پیش کرنے پڑے تو ہم کریں گے۔ جس پر عوام نے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ ہم ایم ڈبلیوایم کے قائد علامہ راجہ ناصر کی ہرکال پر لبیک کہیں گے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button