آرمی چیف کاہارون بلور کی شہادت پر اظہارافسوس
شیعیت نیوز: آرمی چیف نے پشاور میں ہونے والے خود کش دھماکے میں اے این پی کے رہنما ہارون بلور کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔
پشاور کے علاقے یکہ توت میں عوامی نیشنل پارٹی کے انتخابی جلسےکے دوران خودکش بم دھماکے سے صوبائی اسمبلی کے امیدوار اور بشیر بلور کے صاحبزادے بیرسٹر ہارون بلور سمیت 14افراد شہیداور65زخمی ہوگئےتھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہارون بلور کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئےشہید کے اہلخانہ سمیت اے این پی سے اظہار تعزیت کیا ہے ۔
انہوں نےکہا کہ پرامن مستحکم پاکستان کے لیے کوشاں ہیں، دشمن قوتوں کے خلاف جنگ لڑرہے ہیں جنہیں پرامن پاکستان پسند نہیں، ہم رکنے والے نہیں، دہشت گردوں کو شکست دیں گے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے گذشتہ روز میڈيا بریفنگ میں کہا تھا کہ اس الیکشن میں بھی دہشت گردی کے خطرات موجود ہیں ، ان کا کہنا تھاکہ بہت سی طاقتیں پاکستان کو مستحکم دیکھنا نہيں چاہتیں ، ہمیں پتا ہےکہ اس الیکشن میں کس ملک کا کیا مفاد ہے۔