پاکستان

کوئٹہ، دہشتگردی کیخلاف احتجاجی دھرنا ساتویں روز بھی جاری

شیعیت نیوز: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں شیعہ ہزارہ قوم سے تعلق رکھنے والے افراد کا احتجاجی دھرنا ساتویں روز بھی جاری ہے۔ احتجاجی دھرنا چند روز قبل دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے ٹیکسی ڈرائیور اور مجموعی طور پر پورے شہر میں دہشتگردی کے واقعات کے خلاف شہداء چوک علمدار روڈ پر دیا گیا ہے۔ ٹیکسی ڈرائیور پر ٹارگٹ کلنگ کا یہ واقعہ شہر کے مصروف ترین علاقے قندہاری بازار میں پیش آیا تھا۔ دھرنے کا انتظام شیعہ ہزارہ ٹیکسی ڈرائیوروں کی جانب سے کیا گیا، تاہم بعدازاں ہزارہ سیاسی کارکن کے چیئرمین طاہر خان ہزارہ اور لیاقت علی ہزارہ کی قیادت میں احتجاجی دھرنا اب تک جاری ہے۔ احتجاجی دھرنے کو ایم ڈبلیو ایم سمیت دیگر مقامی جماعتوں کی حمایت بھی حاصل ہے۔ احتجاجی دھرنے سے خطاب میں ہزارہ سیاسی کارکن کے چیئرمین طاہر خان ہزارہ کا کہنا تھا کہ کوئٹہ شہر میں نہ صرف شیعہ ہزارہ بلکہ مسیحی، پشتون اور بلوچ قوم کو بھی دن دھاڑے ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ شہر میں جگہ جگہ سکیورٹی فورسز کی درجنوں چیک پوسٹس ہونے کے باوجود دہشتگردی کے واقعات ہونا، ریاستی رٹ پر سوالیہ نشان ہیں۔ ہم اپنے مطالبات صرف آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے سامنے پیش کریں گے اور ان کے آنے تک دھرنا ختم نہیں کیا جائے گا، کیونکہ بلوچستان میں‌ اصل مسئلہ امن و امان کا نہیں بلکہ داخلی سکیورٹی کا ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ احتجاجی دھرنے کو بہت جلد علمدارروڈ سے کوئٹہ کے مرکزی بازار میزان چوک پر منتقل کیا جائے گا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button