ردالفساد کا ایک سال مکمل، دہشتگردی کے واقعات میں نمایاں کمی
شیعیت نیوز: دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور سکیورٹی صورتحال کو مزید مضبوط اور مستحکم کرنے کیلئے شروع کئے گئے آپریشن ردالفساد کا ایک سال مکمل ہوگیا ہے، جس کے نتیجے میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، تینوں مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مثالی تعاون کے ذریعے ریاست کیلئے خطرہ بننے والے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں موثر انداز میں جاری ہیں، تفصیلات کے مطابق آپریشن ردالفساد کے تحت رینجرز نے راولپنڈی، لاہور اور جنوبی پنجاب سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں سال بھر میں 1191 آپریشنز کئے، جس کے دوران 27 دہشت گرد مارے گئے اور 163 گرفتار کئے گئے، اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں گذشتہ ایک سال کے دوران دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی نظر آئی، دہشت گردی کا صرف ایک اور ٹارگٹ کلنگ کے 45 جبکہ اغواء کے 16 واقعات رپورٹ ہوئے۔
آپریشن ردالفساد کے تحت ملک بھر میں پانچ ہزار کے قریب مشترکہ اور 19 ہزار سے زائد انٹیلی جنس آپریشنز جبکہ 46 بڑے آپریشن کئے گئے، جس کے دوران 21 ہزار سے زائد مختلف نوعیت کے ہتھیار 25 لاکھ سے زائد ایمونیشن تحویل میں لیا گیا، آپریشن ردالفساد کے تحت دیگر علاقوں میں سکیورٹی فورسز نے پہلے سے حاصل کی گئی کامیابیوں کو مزید مستحکم کیا، جس میں معاشرے کو اسلحہ سے پاک کرنے کا پہلو بھی شامل رہا، اس کے علاوہ پاک افغان بارڈر پر سکیورٹی مزید متحرک بنائی گئی، نیشنل ایکشن پلان کے تحت سکیورٹی فورسز کو تفویص کی گئی ذمہ داریوں میں نمایاں پیش رفت دیکھی گئی۔ سکیورٹی فورسز نے قبائلی علاقوں میں آپریشن کے بعد سماجی اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دیا اور اداروں کی استعداد کار بڑھانے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے گئے۔
پاک افغان بارڈر پر ہر قسم کی غیر قانونی نقل و حرکت روکنے کیلئے موثر بارڈر مینجمنٹ کی گئی، جس کے تحت 2600 کلومیٹر طویل بارڈر پر باڑ لگانے کا عمل شروع ہوا، 56 ارب روپے کے حامل باڑ لگانے کے منصوبے کے تحت 750 قلعے تعمیر کئے جانے ہیں، جس میں سے 140 قلعے تعمیر کئے جا چکے ہیں اور 15 پر کام جاری ہے، باجوڑ، مہمند، خیبر، شمالی اور جنوبی وزیرستان میں 160 کلو میٹر کے علاقے میں باڑ لگا دی گئی ہے، دوسری جانب پاک افغان بارڈر پر تجارت اور نقل و حرکت کیلئے 16 روٹس نوٹیفائی کئے گئے ہیں۔ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں بارڈر سکیورٹی امور بہتر بنانے کیلئے ایف سی کے 73 نئے ونگز تشکیل دینے کے پروگرام کے تحت 29 نئے ونگز قائم کر دیئے گئے ہیں، جبکہ جلد 14 مزید کام شروع کر دیں گے۔
رپورٹ: این اے بلوچ