پاکستان

28 فروری جی بی کی تاریخ کا سیاہ دن، جب شاہراہ قراقرم پر 25 شیعہ مسافر شہید کر دیئے گئے

شیعیت نیوز: 28 فروری 2012ء گلگت بلتستان کی تاریخ کا وہ سیاہ ترین دن ہے جبکہ شاہراہ قراقرم پر 25 شیعہ مسافروں کو بسوں سے اتار کر شناخت کے بعد بہیمانہ انداز میں ہاتھ پیر باندھ کر شہید کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی سے جی بی جانے والی بسوں کو کوہستان ہربن داس کے مقام پر مسلح اور سکیورٹی فورسز کی وردیوں میں ملبوس دہشتگردوں نے روک لیا۔ تمام مسافروں کو بسوں سے اتار کر ان کے شناختی کارڈ دیکھے گئے اور شیعہ مسافروں کے ہاتھ پاوں باندھ کر گولیوں سے چھلنی کر دیا گیا۔ اس واقعے کے خلاف ہفتوں گلگت بلتستان میں احتجاجی سلسلہ جاری رہا اور دہشتگردوں کی گرفتاری کے مطالبات ہوتے رہے۔ تاہم پیپلز پارٹی کی صوبائی اور وفاقی حکومت سمیت سکیورٹی ادارے دہشتگردوں کا تعاقب کرنے میں ناکام رہے۔ اس افسوسناک اور اندوہناک سانحے کو سانحہ کوہستان کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ سانحہ کوہستان کو پیش آئے چھ سال کا طویل عرصہ بیت گیا، لیکن تاحال کسی بھی دہشتگرد کو سزا نہیں مل سکی۔ جی بی تاریخ میں سانحہ 88 کے بعد یہ بڑا سانحہ تھا، تاہم اس کے بعد یک بعد دیگرے متعدد سانحات رونماء ہوتے رہے۔ ان تمام سانحات کے مجرموں کو تاحال کیفرکردار تک نہیں پہنچایا جا سکا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button