پاکستان

بلوچستان میں کارروائی،افغان خفیہ ایجنسی این ڈی ایس کا سہولت کار گرفتار

شیعیت نیوز: بلوچستان کے علاقے موسیٰ کالونی میں خفیہ اداروں کی اطلاعات کی بنیاد پر فرنٹیئر کورپس (ایف سی) کی جانب سے کارروائی کی گئی جس میں افغان انٹیلی جنس ایجنسی نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سیکیورٹی (این ڈی ایس) کا مشتبہ سہولت کار گرفتار کرلیا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی بر آمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے دعویٰ کیا کہ کارروائی کے دوران دھماکا خیز مواد اور جاسوسی کے آلات بھی بر آمد ہوئے۔

 علاوہ ازیں سبی کے علاقے ڈیرہ مراد جمالی میں بھی سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بر آمد کرلیا گیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے 22 دسمبر کو سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے سبی کے شمال میں واقع پہاڑی علاقوں میں آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے سے دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔

اس سے قبل 3 دسمبر 2017 سیکیورٹی اداروں نے صوبہ بلوچستان کے علاقے کوہلو میں ایک کارروائی کے دوران دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ باردو برآمد کیا تھا۔

10 مئی 2017 کو افغان سرحد سے منسلک علاقے چاغی میں فورسز نے کارروائی کے دوران دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنایا تھا اور بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا تھا۔

اس سے قبل 27 اپریل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے بیان میں بتایا گیا تھا کہ آپریشن رد الفساد کے تحت کارروائی کے دوران بلوچستان میں 5 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا تھا۔

بلوچستان کے علاقے منڈ میں ایک آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا تھا جبکہ ایف سی کے اہلکار بھی زخمی ہوئے تھے۔

9 اپریل کو بلوچستان کے داراحکومت کوئٹہ میں پاک فوج نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنایا تھا۔

پاک فوج نے چمن کے قریب آپریشن کے دوران افغانستان سے پاکستان آنے والی بارود سے بھری ایک گاڑی پکڑی تھی، جس میں 80 کلو گرام دھماکا خیز مواد نصب تھا۔

خیال رہے کہ ان دہشت گردی کی کارروائیوں کے پیچھے بھارت کی خفیہ ایجنسی ’را‘ کا ہاتھ بتایا جاتا ہے اور بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کا جاسوس کلبھوش یادیو کو بھی بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button