ایران

صیہونی حملے اور قتل عام کے ذریعے فلسطینی عوام کی جدوجہد کو نہیں دبا جاسکتا: بہرام قاسمی

اسلامی جمہوریہ ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے غزہ کی پٹی میں صیہونی حملے کی مذمت کی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے غزہ کی پٹی میں غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے فلسطینیوں کے لواحقین کے ساتھ ہمدری کا اظہار کیا۔
ترجمان دفترخارجہ بہرام قاسمی نے اپنے ایک بیان میں غزہ کی پٹی میں صہیونیوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ صیہونی حکومت کی خام خیالی ہے کہ وہ جارحیت اور قتل عام کے ذریعے غاصبانہ قبضے کے خلاف فلسطینی عوام کی جائز اور قانونی جدوجہد کو دباسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے جارحانہ حملوں اور فلسطینی نوجوانوں کے قتل عام سے ناجائز صیہونی حکومت کا مقصد فلسطینی عوام کے پختہ عزم وارادے کو کمزور کرنا ہے جبکہ گزشتہ سات دہائیوں کے دوران جلاد صفت صیہونی حکومت کے جارحانہ مظالم اور وحشیانہ قتل عام سے فلسطین کے بہادر سپوتوں کے عزم و ارادے پر کوئی اثر نہیں پڑا۔
فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی فوج نے پیر کو غزہ پٹی کے علاقے خان یونس میں فضائی کارروائی کرتے ہوئے ایک سرنگ کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں آٹھ فلسطینی شہید اورنو دیگر زخمی ہوگئے۔
غاصب صیہونی حکومت نے دو ہزار چھے سے جب سے پارلیمانی انتخابات میں فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے کامیابی حاصل کی ہے، غزہ کا سخت محاصرہ کر رکھا ہے اور اس علاقے میں وہ خوراک کا سامان اور دوائیں تک منتقل نہیں ہونے دی رہی ہے۔
غزہ کے محصور عوام سرحدی علاقوں میں کھودی جانے والی سرنگوں کو غذائی اشیا کی منتقلی کے لئے ہی استعمال کرتے ہیں۔

متعلقہ مضامین

یہ بھی ملاحظہ کریں
Close
Back to top button