پاکستان

ہمارے لاپتہ افراد واپس نہ آئے تو تحریک ملک بھر میں پھیل جائے گی، علامہ ناصر عباس جعفری

شیعیت نیوز: شیعہ لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے شروع ہونے والی جیل بھرو تحریک دن بہ دن زور پکڑتی جارہی ہے، اس موقع پر علامہ ناصر عباس جعفری نے ملت کے نام خصوصی پیغام دیا ہے۔

علامہ ناصر عباس جعفری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہمیں شیعہ اور پاکستانی ہونے کی دہری سزا دی جارہی ہے، ہمارے پڑھے لکھے با شعور افراد کو شہید کیا جاتا رہا اور اب ہمارے جوانوں کو لاپتہ کیا جارہا ہے، ان کے گھر والوں کو ان کی کوئی خبر نہیں نہ ہی انہیں عدالتوں میں پیش کیا جارہا ہے، ہمارا آئینی اور قانونی مطالبہ ہے کہ اگر ہمارے جوانوں نے کوئی غیر قانونی کام کیا ہے تو انہیں عدالتوں میں پیش کیا جائے وگرنہ انہیں بازیاب کیا جائے۔

علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ ہم نے سال بھر میں ہر دروازہ کھٹکھٹایا، اداروں سے ملاقاتیں کیں مگر ہم سے غلط بیانی کی گئی، بالآخر مولانا حسن ظفر نقوی نے گرفتاری دے کر کراچی سے جیل بھرو تحریک کا آغاز کردیا ہے، اگر ہمارے لاپتہ افراد جلد واپس نہ آئے تو یہ تحریک کراچی سے نکل کر ملک بھر میں پھیل جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکمران سمجھتے ہیں کہ ہم جلد تھک کر بیٹھ جائیں گے مگر انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ ہم نے 1400 سال سے یزید کا تعاقب نہیں چھوڑا، حکمران گرفتاریوں سے تھک جائیں گے مگر ملت تشیع کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔یہ تحریک اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ہمارے لاپتہ افراد واپس نہیں آجاتے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button