پاکستان

چالیس ممالک سے ہزاروں بوہرہ کمیونٹی عشرہ محرم کرنے کراچی پہنچ گئے

شیعیت نیوز: داؤدی بوہرہ جماعت کے روحانی رہبر ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین ہر سال کی طرح امسال بھی 1439ہجری کے پہلے ماہ محرم الحرام میں مجالس سے خطاب کریں گے۔
بوہرہ جماعت کی جانب سےجاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سیدنا مفضل سیف الدین نے امسال مجالس عزاء امام عالی مقام کے انعقاد کیلئے کراچی کا انتخاب کیا ہے۔ محرم الحرام میں بوہرہ جماعت کے سربراہ سیدنامفضل سیف الدین روزانہ معتقدین سے خطاب کریں گے۔
سیدنامفضل سیف الدین کا خطاب تفسیر، حدیث، فقہ، تاریخ اور ادب کے موضوعات پر محیط ہونے کے ساتھ ایثار و قربانی، حق پرستی، تقویٰ، اتحاد و اخوت اور صلہ رحمی کے اعلیٰ اخلاق کی تبلیغ وفروغ پر مبنی ہوگا۔تاریخ اسلام کے حوالوںپرمشتمل خطاب کے موضوعات کو سیدنامفضل سیف الدین عصرحاضرکے مسائل سے جوڑ کر ایک ایسا لائحہ عمل واضح کریں گے جس پر عمل کر کے داؤدی بوہرہ جماعت اپنے مستقبل کی مضبوط بنیادوں پرتعمیر کرسکے گی۔ عشرہ عزاء کے اس اہم اجتماع کے انعقاد کیلئے کراچی میں انتظامات کا سلسلہ جاری ہے اور ملک بھر میں آباد 40ہزار سے زائد بوہرہ مردو خواتین سمیت دنیا بھر سے بھی بوہرہ کمیونٹی کے ہزاروں کی تعداد میں معتقدین اپنے روحانی رہنما کی اسلامی علوم اور ذکرامام حسینؓ سننے کیلئے کراچی پہنچ رہے ہیں۔ غیرملکی مہمانوں کی رہائش، ٹرانسپورٹ، وعظ کی سماعت، نیازحسین کیلئے موائدبرہانیہ کی تعمیر، طاہری مسجد کی تزئین اور سامعین کیلئے نشستوں کے انتظام سے لیکر دیگر سہولیات کی فراہمی کی تیاریاں جاری ہے۔بوہرہ نوجوان کی بڑی تعداد بھی خدمت امام حسین ؓکے جذبوں سے سرشار ہوکر مختلف شعبوں میں اپنی خدمات پیش کرنے کیلئے دن رات مشغول ہے۔یاد رہے کہ ماضی میں سیدناطاہرسیف الدین اور سیدنامحمدبرہان الدین کے ادوار میں کراچی میں عشرہ محرم کی 12مجالس منعقد کی گئیں جبکہ ڈاکٹرسیدنا مفضل سیف الدین نے 53ویں داعی مطلق کی حیثیت سے سورت، ہیوسٹن ، دارالسلام کے شہروں میں تاریخی مجالس کے انعقاد کے بعد 1439 ہجری میں کراچی کو اس نیک دینی مقصد کے لیے منتخب کیا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button