پاکستان

سیہون خودکش دھماکے کے تینوں سہولت کارجنوبی پنجاب سے گرفتار

شیعیت نیوز: سیہون خودکش دھماکے کے تینوں سہولت کارجنوبی پنجاب سے گرفتارکرلیے گئے ہیں۔دہشتگردوں کا تعلق ٹی ٹی پی کے حفیظ پندرانی بروہی گروپ سے ہے، ان میں سےایک، جنوبی پنجاب کے معروف مذہبی رہنما کا رشتہ دار بھی شامل ہے۔
تفصیلات کے مطابق،سیہون خودکش دھماکے کے تینوں سہولت کاروں کوسندھ پولیس کے محکمہ انسداد ہشت گردی نے جنوبی پنجاب سے گرفتار کرلیا ہے۔یہ خودکش دھماکہ رواں سال 16فروری کولعل شہباز قلندرکے مزار پر ہوا تھا، جس میں 100سے ذائد افراد شہید، جب کہ 150کے قریب زخمی ہوئے تھے۔سندھ پولیس کے باوثوق ذرائع نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ اس حملے کے پیچھےتحریک طالبان پاکستان کے حفیظ پندرانی بروہی گروپ کا ہاتھ ہے، جب کہ خود کش بمبار بھی حفیظ پندرانی بروہی کا قریبی رشتہ دار تھا۔
جب کہ تینوں سہولت کار جن کی شناخت مزار کے اندرونی اور بیرونی جانب لگے سی سی ٹی وی کیمروں سے ہوگئی تھی، انہیں جنوبی پنجاب کے سرحدی شہر صادق آباد سے گزشتہ ماہ گرفتار کرلیا گیا تھا۔قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھی اس نمائندے کو گرفتاری سے متعلق خبر کی تصدیق کی ہے۔ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ گرفتار کیے گئے دہشت گردوں میں سے ایک اسلام آباد کے رہائشی ایک معروف مذہبی رہنما کا قریبی رشتہ دار ہے، جن کا اصل تعلق جنوبی پنجاب سے ہے۔جب کہ دیگر دو دہشت گردوں کا تعلق فاٹا سے ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ تینوں سہولت کاروں نے اپنے جرم کا اقرار کرلیا ہے اور پولیس بھی ان کا بیان ریکارڈ کرچکی ہے، تاہم ان کی گرفتاری موقع محل دیکھ کر ظاہر کی جائے گی ۔اس ضمن میں اس نمائندے نے محکمہ انسداد دہشت گردی کے چیف ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس ثناء اللہ عباسی کا موقف لینے کی بھی بھرپور کوشش کی، تاہم انہوں نے آخر وقت تک کسی قسم کا موقف دینے سے اجتناب کیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button