پاکستان

انتہاء پسندی روکنے کیلئے نیکٹا کی مدارس کے نصاب کا جائزہ و اصلاحات کی سفارش

شیعیت نیوز: ملک میں انتہا پسندی اور متشدد سوچ کے رجحانات کو ختم کرنے کیلئے وفاقی حکومت نے بعض اہم اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ اس ضمن میں انسداد دہشت گردی کے قومی ادارے ’’ ʼنیکٹا‘‘ نے ملک میں انتہا پسندی سے نمٹنے کے لیے ایک قومی پالیسی وضع کی ہے جس میں مدارس اور سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے نصاب کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں میں اصلاحات وضع کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق اگرچہ یہ پالیسی وفاقی حکومت نے وضع کی ہے جس کے تحت انسداد انتہاپسندی کے لیے مختلف سفارشات اور اقدامات تجویز کی گئیں تاہم صوبائی حکومتیں اپنے حالات اور ثقافتی اقدار کو مدنظر رکھتے ہوئے اس پالیسی پر عمل درآمد کے لیے حکمت عملی وضع کر سکتی ہیں۔اس پالیسی میں ان عوامل کی نشاندہی بھی کی گئی ہے جو معاشرے میں انتہا پسندانہ سوچ اور تشدد کی وجہ بن رہے ہیں اور ان کے خاتمے کے لیے مناسب اقدامات بھی تجویز کئے گئے ہیں ۔اس پالیسی میں ملک میں قائم دینی مدارس کو مرکزی تعلیمی دھارے میں لانے کے لیے ان کے نصاب کو جدید تقاضوں کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔
دریں اثنا انسداد دہشت گردی کے قومی ادارے نیکٹا کا کہنا ہے کہ حکومت کی طرف سے دہشت گردی کے خاتمے کے مؤثر اقدامات کے نتیجے میں دہشت گردحملوں میں 31فیصد تک کمی آئی ہے۔ ادارے کی طرف سے جاری سرکاری اعداد وشمار کے مطابق 2016میں دہشت گردی کے 785واقعات پیش آئے۔
جبکہ رواں سال میں ابتک دہشت گردی کے 426 واقعات ہوئے ہیں ۔ کراچی آپریشن میں کامیابی کے باعث ٹارگٹ کلنگ میں 97فیصد ، دہشتگردی کے واقعات میں 98فیصد اور ڈکیتی کے واقعات میں 52فیصد کمی آئی ہے۔ اس عرصے کے دوران 30ہزار سے زیادہ ہتھیار بھی برآمد کیے گئے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button