پاکستان

وفاق المدارس الشیعہ کے زیراہتمام مختلف مدارس میں جشن آزادی کی تقریبات، علماء و طلباء کی بھرپور شرکت

شیعیت نیوز: وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے زیراہتمام 70 ویں یوم آزادی کی شاندار تقریبات کا وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں انعقاد کیا گیا۔ جہاں علماء کرام اور طلبا نے وطن عزیز کی شکل میں عظیم نعمت خداوندی پر رب ذوالجلال کا شکریہ اداکرتے ہوئے اس کی ترقی اور استحکام کیلئے دعائیں کیں۔ اس حوالے سے جامعتہ الکوثر اسلام آباد، جامعہ امام الصادق کوئٹہ، جامعتہ المنتظر لاہور، جامعہ علامہ عارف حسین الحسینی شہید پشاور، جامعہ معصومین کراچی اور جامعہ قبا زردیہ سکردو میں تلاوت قرآن مجید اور قومی ترانے سے تقریبات کا آغاز کیا گیا۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری نے جامعتہ المنتظر ماڈل ٹاون لاہور کے سبزہ زار میں دیگر علماء و طلباء کے ہمراہ پرچم کشائی کی اور شرکاء میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔ طالبعلم تیمور سلطان نے "آزادی ایک نعمت” کے موضوع پر تقریر کی۔ اس موقع پر خطاب میں آزادی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے علامہ محمد افضل حیدری نے کہا کہ برصغیر میں ہمارے بزرگوں اور اسلاف نے علیحدہ وطن، بڑی قربانیاں دے کر حاصل کیا۔ اس نعمت کی قدر کرنا ہم پر لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان، نظریہ پاکستان کا مرہون منت ہے، اس کے تقاضوں پر عمل اب بھی ضروری ہے، جس کا بہترین طریقہ ملک میں اسلامی نظام کا نفاذ اور سماجی انصاف کی فراہمی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمارے پاس اسلاف کی امانت ہے، جسے ہمیں آئندہ نسلوں تک پہنچانا ہے، اس کیلئے ضروری ہے کہ ہم وطن عزیز کی جڑوں کو کھوکھلا کرنیوالی دہشتگردی، کرپشن، اقربا پروری، رشوت ستانی اور بے حیائی جیسی خرافات سے اجتناب کریں۔ جشن آزادی کی تقریبات میں ملکی سلامتی کے لئے دعائیں کی گئیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button