پاکستان

دہشت گردوں کو شکست دیں گے، آئین اور قانون کی بالادستی کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا، آرمی چیف

شیعیت نیوز:  پاکستان کی مسلح افواج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے راولپنڈی میں منعقد ہونیوالی کور کمانڈرز کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کو شکست دینے کے لیے کوششیں جاری رہیں گی اور قومی اداروں کے ساتھ مل کر دہشت گردوں کو شکست دیں گے، جب کہ آئین اور قانون کی بالادستی کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی، جس میں اندرونی اور بیرونی صورتحال کا جامع اور تفصیلی جائزہ لیا گیا، کانفرنس میں علاقائی سلامتی بالخصوص افغانستان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور علاقائی امن و سلامتی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں آپریشن ردالفساد کی اب تک کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا جب کہ آرمی چیف نے آپریشن خیبر 4 میں حاصل کامیابیوں کو بھی سراہا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے بھرپور کوششیں کی جائیں گی، ملک کے کونے کونے سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے قومی اداروں کا تعاون حاصل ہے اور امید ہے جلد ملک امن کا گہوارہ بن جائے گا، جنوبی ایشیا میں قیام امن کو یقینی بنانے کیلئے عوام اور تمام قومی اداروں کے درمیان تعاون کی فضا قائم کرنا ہوگی تاکہ عوام بلاخوف و خطر زندگی گزار سکیں، پاکستان کی عوام کو یقین ہے کہ پاک فوج ان کی حفاظت کیلئے چاک و چوبند ہے اور آئندہ بھی ملک و قوم کی حفاظت کیلئے اپنی بھرپور صلاحیتوں کو بروئے کار لائے گی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button