پاکستان

ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ کی پی ایس پی کے اعلیٰ وفد سے ملاقات، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے پاک سرزمین پارٹی کے مرکزی صدر انیس قائم خانی کی سربراہی میں اعلٰی سطحی وفد نے ملاقات کی۔ نیو رضویہ سوسائٹی میں علامہ حسن ظفر نقوی کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات میں پی ایس پی کے وفد نے سانحہ پاراچنار پر تعزیت پیش اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید حسن ظفر نقوی، صوبائی سیکرٹری سیاسیات سید علی حسین نقوی، ڈویڑنل سیکرٹری جنرل میثم عابدی، علامہ مبشر حسن، علامہ علی انور اور پاک سرزمین پارٹی کے مرکزی رہنما رضا ہارون، وسیم آفتاب اور دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔ ملاقات کے موقع پر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ مملکت خداداد پاکستان میں جس جس نے بھی مذہب، لسانیت و دیگر بنیاد پر بے گناہوں کا خون بہایا ہے، ان تمام قاتلوں اور دہشت گردوں کو اس کا خمیازہ دنیا و آخرت میں بھگتنا ہوگا، اس حساس ملکی و عالمی صورتحال میں پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کیلئے فرقہ واریت کی سازش کا شکار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، اس حوالے سے ملک میں تکفیریت پھیلانے کی سازش کی جا رہی ہے، لہٰذا ملکی بقاء و سالمیت و استحکام کیلئے تمام مذہبی، سیاسی، عوامی اکائیوں کو عملی میدان میں اتحاد و وحدت کیلئے ساتھ دہشت گردی اور تکفیریت کے خلاف اقدامات کرنا ہونگے، کیونکہ دہشت گردی اور تکفیریت پاکستان اور عالم اسلام کیلئے زہر قاتل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ پاراچنار کے بعد تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کی جانب سے شہداء کے خانوادوں کیلئے اظہار یکجہتی انتہائی قابل ستائش ہے، ملکی دفاع کی فرنٹ لائن پاراچنار کے تحفظ اور داعش سے ملک و قوم کو محفوظ رکھنے کیلئے سیاسی و مذہبی جماعتیں اسی اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرینگی۔

پی ایس پی کے مرکزی صدر انیس قائم خانی نے کہا کہ سانحہ پاراچنار کے بعد ملک میں فرقہ واریت پھیلانے کی سازش کی گئی، لیکن ایم ڈبلیو ایم اور علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے سانحہ پاراچنار کے بعد ملک میں جس طرح اتحاد و وحدت کی فضاء کو نقصان پہنچے سے بچایا، وہ تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کیلئے لائق تقلید ہے، ملکی وحدت کیلئے ایم ڈبلیو ایم اور علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی جدوجہد اور مثالی موقف کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علامہ راجہ ناصر عباس کی قیادت میں ایم ڈبلیو ایم نے سانحہ پاراچنار کے بعد فرقہ واریت پھیلانے کی سازش کو ناکام بناتے ہوئے اتحاد و وحدت کے پرچم حق کو بلند کیا اور سازش کو ناکام بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا، امید کرتے ہیں کہ ان کا مثالی کردار آئندہ بھی جاری و ساری رہے گا۔ انیس قائم خانی کا مزید کہنا تھا کہ سانحہ پاراچنار کے بعد شہداء کے خانوادوں کی استقامت ملک بھر کے مظلومین کیلئے باعث تقلید ہے، ظالم و دہشت گرد عناصر کے خلاف سانحہ پاراچنار کے شہداء کے خانوادوں کا قیام قابل فخر ہے۔ انہوں نے تمام تر ظلم و بربریت کے باوجود جس طرح پاکستانی پرچم کو سربلند رکھا، وہ تمام محب وطن عوام و خواص کیلئے مثال و نمونہ ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button