پاکستان

امام خمینی مزار حملہ: پاکستانی سیاسی و مذہبی جماعتوں کی ایرانی کونسل خانہ آمد، دہشتگردی کی مذمت کی

شیعیت نیوز: ایرانی پارلیمنٹ اور امام خمینی (رہ) کے مزار پر ہونیوالے حملوں سے پاکستانی بھی غمزدہ ہوگئے۔ ایرانی قونصلیٹ لاہور میں تعزیت کیلئے اہم شخصیات کی آمد کا تانتا بندھ گیا۔ قونصل جنرل محمد حسین بنی اسدی کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کیخلاف متحد ہونا ہی دہشتگردی کا حل ہے، تہران حملوں سے جہاں ایران سوگ میں ڈوبا ہوا ہے وہیں پاکستانی عوام بھی دکھ کی اس گھڑی میں ایرانی بھائیوں کیساتھ کھڑے نظر آتے ہیں۔ ایرانی قونصلیٹ میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے تعزیتی کتاب میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے خیالات قلمبند کئے۔ تعزیت کیلئے آنے والوں میں ڈپٹی کمشنر لاہور سمیر احمد سید، رہنما پیپلز پارٹی پیر سید ناظم حسین شاہ، جمعیت علماء پاکستان کے وفد، علامہ محمد حسین اکبر، بشپ آزاد مارشل، ڈی ایس پی اچھرہ محمد جاوید سمیت دیگر شامل تھے۔ ڈی سی لاہور سمیر احمد سید نے ایرانی قونصل جنرل محمد حسین بنی اسدی سے ملاقات کے موقع پر شہداء کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگرد پاکستان اور ایران کے مشترکہ دشمن ہیں۔ دکھ کی اس گھڑی میں پوری پاکستانی قوم ایرانی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ قونصل جنرل محمد حسین بنی اسدی کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے اسلامی ممالک اور عالمی برادری کو متحد ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم بہادر ہے اور موت سے کبھی خوفزدہ نہیں ہوئی، ہم دشمن کی سازشوں سے آگاہ ہیں اور اب تک ایران سے 42 سے زائد داعش کے دہشتگردوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور بہت جلد ایران کی سرزمین کو دہشتگردوں سے پاک کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں نے جس محبت کا اظہار کیا ہے وہ ناقابل فراموش ہے، اس محبت پر پاکستانی بھائیوں کے شکر گزار ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button