پاکستان کو امریکہ یا سعودی عرب کی کالونی نہیں بننے دیں گے، صاحبزادہ حامد رضا
شیعیت نیوز: سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے لاہور میں مفتی حبیب قادری کی رہائش گاہ پر افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت امریکہ کے اشارے پر پاکستان کیخلاف بڑی جارحیت کی تیاریاں کر رہا ہے، پاکستان کو امریکہ یا سعودی عرب کی کالونی نہیں بننے دیں گے، پاک فوج نے کنٹرول لائن پر بھارتی شرارتوں کا منہ توڑ جواب دیکر قوم کے دل جیت لئے ہیں، مافیا کا لفظ حکمران خاندان کیساتھ منسوب ہو گیا ہے، نہال ہاشمی کی دھمکیوں کے جواب میں پور ی قوم عدلیہ اور جے آئی ٹی کیساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ وفاق کی طرح پنجاب کا بجٹ بھی عوام دشمن ہے، بجٹ کے روز اسمبلی میں سب سے زیادہ جھوٹ بولا جاتا ہے، پچھلے 4 سالوں میں مہنگائی، بیروزگاری، غربت اور خودکشیوں میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ داعش اور القاعدہ ایک ہی سکّے کے 2 رخ ہیں۔ جعلی جہادی تنظیمیں بناکر اسلام اور مسلمانوں کو بد نام کیا گیا ہے، عالم اسلام امریکی سازشوں کی زد میں ہے، مسلم حکمران امریکی غلامی سے باہر نکلیں اور متحدہ مسلم بلاک بنائیں، فرقہ واریت کی بنیاد پر بننے والا مسلم فوجی اتحاد اپنی افادیت کھو چکا ہے، مسلم فوجی اتحاد دہشتگردی نہیں ایران کے خلاف بنایا گیا۔