پاکستان

ایران کے خلاف امریکی بیان پر پاکستان کو تماشائی نہیں بننا چاہئے تھا، عمران خان

شیعیت نیوز: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ جس وزیراعظم کے خلاف اپنے ہی ملک میں فوجداری مقدمے کی تحقیقات ہو رہی ہوں، اس کی دنیا میں کوئی عزت نہیں کرتا۔ وزیراعظم کے خلاف سعودی عرب میں ہونے والا سلوک پوری قوم کے لئے شرمندگی کا باعث ہے، کہتے ہیں کہ ایران کو تنہا کیا جا رہا ہے، پاکستان کو تماشائی نہیں بننا چاہئے۔ بنی گالا میں میڈیا سے گفتگو میں عمران خان نے وزیراعظم پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ پوری قوم شرمندہ ہے کہ وزیراعظم کو امریکی صدر ٹرمپ تو کیا سعودی عرب نے بھی پوچھا تک نہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ایران کو خطے میں تنہا کیا جا رہا ہے اور وزیراعظم تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ حماس اور حزب اللہ سمیت اسرائیل کا جو بھی دشمن ہے، اسے دہشتگرد بنا دیا گیا ہے، وزیراعظم کو چاہیئے تھا کہ وہ پاکستان کے عوام کا نکتہ نظر بیان کرتے۔ عمران خان نے سوشل میڈیا پر متحرک افراد کے خلاف ہونے والی ایف آئی اے کی اے کی کارروائیوں کی بھی مذمت کی اور کہا کہ فوج کو بدنام کرنے کی خبر وزیراعظم ہاؤس سے نکلی۔ انکو پکڑنے کے بجائے کارکنوں کو ڈرایا جا رہا ہے۔ چیئرمین تحریک کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے آج کہا ہے کہ وزیراعظم کے خلاف تحقیقات ہو رہی ہیں، جو پبلک نہیں کی جا سکتیں، لہٰذا اب ساٹھ دن تک انتظار کریں گے۔

عمران خان نے کہا یہ مسلم دنیا کے مفاد میں نہیں، ہمیں چاہیے کہ ایران کو بھی ساتھ لے کر چلیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے پاس پاکستان کی بات دنیا تک پہنچانے کا بہترین موقع تھا، لیکن وہ خاموش بیٹھے رہے، پاکستانی قوم کو اس سے بہت زیادہ مایوسی ہوئی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ دوسروں کی جنگ میں شرکت کرکے پاکستان کو بہت نقصان پہنچا ہے اور نائن الیون کے بعد جو کچھ پاکستان کے ساتھ ہوا، ہمیں اس سے سبق سیکھنا چاہیے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے وزیراعظم سے سوال کیا کہ اگر یہی کرنا تھا تو آپ گئے ہی کیوں؟ سنا ہے انہوں نے تقریر تیار کرنے میں 6 گھنٹے لگائے، لیکن بھرپور نیٹ پریکٹس کے باوجود ان کی باری نہیں آئی۔ سوشل میڈیا کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سوشل میڈیا پاکستان میں نیا ہے، جہاں ہر کوئی اپنے رائے دے سکتا ہے اور اسے کوئی روک نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہم چل رہی ہے کہ فوج کے خلاف بات کرنے والوں کو پکڑا جائے گا، لیکن حکومت نے جتنا فوج کو بدنام کیا اتنا کوئی نہیں کرسکتا۔ پاناما کیس پر بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ نے آج کہہ دیا کہ یہ کرمنل انویسٹی گیشن ہے، عدالت نے یہ بھی کہہ دیا کہ 60 دن میں تحقیقات مکمل ہونی چاہیے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button