پاکستان

پاراچنار میں آرمی پبلک سکول اور کالج کا سنگ بنیاد رکھادیا گیا

شیعیت نیوز: کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جرنل نذیر احمد بٹ نے پاراچنار کا دورہ کیا۔ جنہوں نے دورے کے دوران پاک افغان سرحد پر سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور پاراچنار میں آرمی پبلک سکول اینڈ کالج کا سنگ بنیاد رکھا۔ پاراچنار آمد پر قبائلی عمائدین نے کور کمانڈر پشاور جرنل نذیر احمد بٹ کا شاندار استقبال کیا۔ آئی جی ایف سی مظہر شاہین، بریگیڈیئر امیر محمد خان، کمانڈنٹ کرم ملیشیاء عمر ملک اور پولیٹیکل ایجنٹ بصیر خان وزیر بھی کورکمانڈر کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر قبائلی جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کورکمانڈر نے کہا کہ فورسز نے قربانیاں دے کر دہشتگردوں کے مراکز ملک بھر میں ختم کردیے ہیں اور پاراچنار میں ہونے والے دہشتگردی کے تین واقعات میں ملوث 95 فیصد افراد گرفتار کرلیے گئے ہیں اور افغان سرحد سمیت ایجنسی بھر میں سخت سکیورٹی انتظامات کردیے گئے ہیں۔ کورکمانڈر کا کہنا تھا کہ معمول کی سالانہ ترقیاتی منصوبوں کے علاوہ کرم ایجنسی کیلئے 800 میلین روپے خصوصی پیکج دیا گیا ہے۔ اس پیکج کے تحت کرم ایجنسی میں تعلیمی ادارے، سڑکیں اور ہسپتال بنیں گی اور علاقے میں مثبت تبدیلی رونما ہوگی۔ کورکمانڈر کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبے کے تحت پاکستان تیزی سے ترقی کریگا اور جلد ہی دنیا میں دسویں یا گیارھویں نمبر پر آجائیگا۔ کورکمانڈر نے پاراچنار میں پارک اور آرمی پبلک سکول اینڈ کالج کا بھی سنگ بنیاد رکھا اور کہا کہ اے پی ایس پاراچنار میں 40 کلاس رومز ہوں گے۔ ہر کلاس میں 30 بچے ہوں گے اور اس سکول و کالج میں 1200 بچوں کی گنجائش ہوگی۔ کورکمانڈر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اے پی ایس پاراچنار کا تعمیراتی کام تیزی سے مکمل کرنے کیلئے 3 شفٹوں میں کام کیا جائے، کھیل کے میدان اور درخت لگانے کا فوری بندوبست کیا جائے۔ کورکمانڈر پشاور نے نئے پارک میں سولر سسٹم لائٹ لگانے اور دیگر سہولیات کی فوری فراہمی کی بھی ہدایت کی۔ آرمی پبلک سکول اور کالج کے افتتاح پر قبائل نے خوشی کا اظہار کیا ہے اور آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button