پاکستان

21 مئی کو نشتر پارک میں حقیقی وارث کعبہ امام مہدی (عج) کے عاشقان کا عظیم اجتماع ہوگا، علامہ ناصر عباس جعفری

شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا استحکام پاکستان و امام مہدی (عج) کانفرنس میں شرکت کی دعوت دینے کے حوالے سے کراچی میں عوامی اجتماعات سے خطاب اور شخصیات سے ملاقات کا سلسلہ جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق مرکزی مسجد جعفر طیار سوسائٹی میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت شدید بیرونی مداخلت کا شکار ہے، کرپٹ حکمرانوں نے ذاتی مفادات کی خاطر قومی سلامتی کو داؤ پر لگا دیا ہے، ویسٹرن ایشیاء میں شکست کھانے کے بعد دہشت گرد گروہوں کو عالمی استعماری قوتیں پاکستان میں آباد کرنا چاہتی ہیں، جس کا آغاز ہوچکا ہے، پاراچنار میں حالیہ تینوں دہشت گرد حملوں کی ذمہ داری داعش اور اس کے حامی گروہوں نے قبول کی ہے، جو پاکستان میں عالمی دہشت گردوں کی موجودگی کا ثبوت ہے، عالمی صیہونی طاقتیں اور امریکہ اپنی حواری عرب ریاستوں کے ساتھ مل کر امام زمانہ (عج) کے ظہور کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کرنا چاہتے ہیں، عالمی شیطانی قوتوں اور مقاومتی بلاک کے درمیان شدید ٹکراؤ جاری ہے، ایشیائی ممالک میں دراڑ ڈالنے، سرحدیں توڑنے اور من پسند جغرافیائی تبدیلوں کے لئے سازشوں کے جال بنے جا رہے ہیں، پاکستان میں اہلسنت اور تشیع امام مہدی علیہ السلام پر ایمان رکھتے ہیں، پاکستان میں جعلی امام کعبہ کو لا کر مکہ مدینہ کے نام پر آل سعود کے ناجائز اقتدار کی بقاء و سلامتی کیلئے راہ ہموار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہیں، ان شاء اللہ 21 مئی کو نشتر پارک میں حقیقی وارث کعبہ امام مہدی (عج) کے عاشقان کا عظیم اجتماع منعقد ہوگا جو کہ ظہور امام عصرؑ کی مخالف قوتوں کو واضح پیغام دے گا۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے خطاب کی شرکاء نے نعرے لگا کر تعریف اور تائید کی۔ انہوں نے جعفر طیار سوسائٹی، ماروی گوٹھ، چوکنڈی، گلشن وقار، گلشن حدید اور پپری میں عوامی اجتماعات سے خطاب کیا اور معززین سمیت علمائے کرام، عمائدین، ٹرسٹیز اور سیاسی سماجی شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ علاقے کے مرحومین کے اہل خانہ سے جاکر تعزیت بھی کی اور اہم قومی و بین الاقوامی حالات پر مختلف شخصیات کے ساتھ تبادلہ خیال کیا گیا۔ وہ گلشن حدید میں مرکزی امام بارگاہ جعفریہ پہنچے اور ٹرسٹ کے اراکین سمیت پاکستان اسٹیل ملز کے سی ای او کیپٹن شمسی، جنرل مینیجر آئی آر اور سکیورٹی رضا راجپر سے بھی ملاقات کی اور پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کو درپیش مشکلات اور بحران کے حل کے حوالے سے بھی خصوصی بات چیت ہوئی۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مسجد سلمان فارسی میں موجود شرکاء سے خطاب کیا۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے اعزاز میں انجمن غلامان آل رسول ﷺکی جانب سے اسٹیل مل گیسٹ ہاؤس میں ظہرانہ بھی دیا گیا۔ وہ امام بارگاہ علی ابن ابی طالبؑؑ چوکنڈی اور پیپری میں ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے تعمیر کردہ مسجد جمکران میں بھی گئے اور وہاں موجود افراد سے ملاقات کی اور انہیں استحکام پاکستان و امام مہدی (عج) کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ دورے کے اختتام پر انہوں نے جعفر طیار سوسائٹی میں غازی عباس ٹرسٹ کے اراکین اور کوآپریٹیو ہاوسنگ سوسائٹی کی مینیجنگ کمیٹی سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں، جبکہ بین الاقوامی شہرت یافتہ شاعر ریحان اعظمی سے ان کی زوجہ مرحومہ اور ذاکر اہل بیتؑ پروفیسر علی امام رضوی مرحوم کے پسماندگان سے ان کے گھر جاکر تعزیت کا اظہار کیا اور فاتحہ خوانی کی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button