پاکستان

کراچی میں کالعدم القاعدہ اور داعش کے نئے گٹھ جوڑ ’ابوذر گروپ‘ کا انکشاف

شیعیت نیوز: کراچی گزشتہ دو دہائیوں سے دہشت گردی اور بد امنی کا شکار رہا ہے جبکہ گزشتہ دو سال سے کراچی میں امن و امان کی بحالی کے لئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔خفیہ ادارے کی جانب سے جاری ہونے والی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کراچی میں دہشت گرد منظم ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق کراچی میں کالعدم القاعدہ اور داعش کے گٹھ جوڑ کا انکشاف ہوا ہے۔ خفیہ ادارے نے دہشت گرد تنظیموں کے ایک مرکزی اور فعال دہشت گرد کی تصاویر جاری کیں ہیں جس کے بعد شہریوں کے خوف و ہراس میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ خفیہ اداروں کا کہنا ہے کہ کراچی میں القاعدہ اور داعش نے مل کر ایک نئے دہشت گرد گروہ کو تشکیل دیا ہے جس کا نام ابوذر گروپ ہے جو کراچی کے مخلتف علاقوں میں تخریب کاری کر رہا ہے۔

سیکیورٹی اداروں نے کالعدم دہشت گرد تنظیموں کے مرکزی دہشت گرد ابوذر کی نئی تصاویر جاری کر دی ہیں۔ سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گرد ابوذر پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں کے لئے افغانستان سے دہشت گرد لانے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔سیکیورٹی حکام کے مطابق ابوذر گروپ کے ایک دہشت گرد کو کراچی سے گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ دہشت گرد گروپ کو مکمل طور پر ٹریس کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

یہ بات ابھی تک سمجھ سے بالاتر ہے کہ ایک طرف تو داعش اور القاعدہ افغانستان میں‌ایک دوسرے کے خلاف برسر پیکار ہیں اور دوسری طرف کراچی میں‌ایک دوسرے کے ساتھ گٹھ جوڑ کیے ہوئے ہیں تاہم دونوں بدنام زمانہ تکفیری دہشت گرد گروہوں‌کا گٹھ جوڑ پاکستان کے لیے بہت بڑے خطرے کی گھنٹی ہے۔بشکریہ شفقنا نیوز

متعلقہ مضامین

Back to top button