پاکستان

نواز شریف ضیاءالحق کے شاگرد اور اُسی کی سیاست لیکر آگے چلے ہیں، آصف زرداری

شیعیت نیوز: سابق صدر آصف علی زرداری نے سخاکوٹ مالاکنڈ ایجنسی میں پیپلز پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمران مرغی اور انڈوں سے لے کر بجلی تک کا کاروبار کر رہے ہیں، اب تو ججوں نے کہہ دیا ہے کہ گو نواز گو، اب بچے بچے کی زبان پر گو نواز گو ہے، کتنے بچوں کو جیلوں میں ڈالو گے؟ ایک جعلی خان لوگوں کو بے وقوف بنا رہا ہے، اسے بھی کہتا ہوں کہ گو عمران گو، گو جعلی خان گو۔ پی پی کے شریک چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ یہ صرف جنگلہ بس بنانا جانتے ہیں، عوام کے مسائل نہیں جانتے، میں پاکستان کو ایک امیر ملک بنا دوں گا، اسی طرح جیسے میں نے پہلے ہر وعدہ پورا کیا ہے، یہ لوگ تو معافی نامے لکھ کر سرور پیلس چلے گئے تھے، میں نے کہا تم جا سکتے ہو، میں نے اپنے ورکرز کو منہ دکھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے پرچم میں شہیدوں کو دفن کرتے اور ہمیشہ ان کی یاد مناتے ہیں، گڑھی خدا بخش میں عوام کی خدمت کی قسم اٹھائی ہوئی ہے، ہمیں پتہ تھا کہ پختون اپنی شناخت چاہتے ہیں، ہم نے پختونوں کو شناخت دی، بدین میں کہا کہ تمام صوبے اسلام آباد سے نیا چارٹر چاہتے ہیں، سی پیک خیبر پختونخوا اور بلوچستان کیلئے بنوایا تھا، عطاءآباد روٹ نہ بنواتے تو یہ چین سے کیسے لاتے۔

سابق صدر کا مزید کہنا تھا کہ یہ لٹیرے جو لوٹ کر لے گئے ہیں، میں ان کے پیٹ سے نکالوں گا، یہ سارا مال عوام کو ملے گا، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کے دل کی دھڑکنوں پر کام کیا، نواز شریف ضیاءالحق کے شاگرد ہیں اور اُسی کی سیاست لے کر آگے چلے ہیں، مالا کنڈ اور سوات میں آپ کی مدد سے پاکستان کا جھنڈا لگایا، جب ان علاقوں میں جنگ چھڑی تو ہم نے یہاں کے شہریوں کو سنبھالا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ آنے والی حکومت میں بے نظیر کارڈ کو ڈبل کریں گے، فاٹا کیلئے بے نظیر نے ہمیشہ آواز اٹھائی، فاٹا کو خیبر پختونخوا کا حصہ بنائیں گے، عوام کے ساتھ کوئی مذاق نہیں چلے گا، خود فاٹا جاؤں گا اور انہیں بتاؤں گا کہ اپنے حقوق اِن سے لو، سیاست کی جا رہی ہے کہ فاٹا گورنر چلائے گا، ان کی خارجہ پالیسی سے ملک سے باہر پاکستانیوں کے مسائل بڑھ رہے ہیں، جاتی عمرہ والے ایوانوں میں بیٹھے ہیں، انہیں عوام کی کوئی فکر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ لیویز جان ہتھیلی پر رکھ کر لڑ رہے ہیں، یہ تنخواہ نہیں دیتے، انہوں نے پختونوں کے شناختی کارڈ بلاک کر دیئے، پختون کھڑے ہو جائیں، ان سے اپنا حق لیں، یہ پاکستان ہے میاں صاحب، کسی کے باپ کا ملک نہیں، پختون جہاں بھی چاہیں بیٹھیں، پورا پاکستان ان کا ہے۔

جب بھی ہم حکومت میں آئے، ہم نے نوجوان نسل کا خیال رکھا، میں منی لاڑکانہ میں کھڑا ہو کر کہہ رہا ہوں کہ گو نواز گو، پورے پاکستان میں جاؤں گا، میں اپنے ورکرز کو چھوڑ کر نہیں جا سکتا، وقت آیا تو اپنے ورکرز کے ساتھ ہی شہید بھی ہونا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میرا وعدہ ہے کہ پاکستان کو امیر ملک بنا کر دوں گا، میں نے پہلے بھی اپنے تمام وعدوں کو پورا کیا ہے، یہ سمجھتے ہیں جب ہم امیر ہوں گے تو ملک امیر ہوگا، میں آپ کو پاکستان بنا کر دوں گا جیسا پہلے بنا کر دیا، یہ لوگ جب جیلوں میں تھے تو رو رو کر انکی حالت خراب تھی، معافی نامے لکھ کر پیلس میں چلے گئے، میاں صاحب آپ ضیاءالحق کی سیاست لے کر آگے چلے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button