پاکستان

چار جماعتی اتحاد کا اجلاس، گرینڈ الایئنس بنانے کی منظوری،ایم ڈبلیو ایم بھی شامل

شیعیت نیوز: چودھری شجاعت حسین کی سربراہی میں مسلم لیگ قاف، سنی اتحاد کونسل، مجلس وحدت مسلمین اور پاکستان عوامی تحریک کا اجلاس لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کو دی جانے والی جے آئی ٹی کی 15 روزہ رپورٹ کو پبلک کیا جائے، اجلاس میں پاناما ایشو پر گرینڈ الائنس بنانے کی منظوری بھی دی گئی۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاناما فیصلے کی روح کے مطابق وزیراعظم ایک ملزم کی حیثیت اختیار کر چکے ہیں، انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لئے وزیراعظم فوری طور پر مستعفی ہوں۔ سیاسی اتحاد کے رہنماؤں نے جے آئی ٹی کی رپورٹ پندرہ دن میں پبلک کرنے کا مطالبہ کیا اور گرینڈ الائنس بنانے کی منظوری دینے کے ساتھ ساتھ اس حوالے سے رابطوں کیلئے کمیٹی بھی قائم کی۔ چودھری شجاعت حسین نے جے آئی ٹی سے پہلے نواز شریف کے مستعفی ہونے کی پیشگوئی بھی کی۔ اس موقع پر چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ حکومت اور کرپشن کے خلاف اتحاد بننا چاہئے، حکومت نے فیصلہ پڑھے بغیر مٹھائیاں تقسیم کیں۔ دریں اثناء، امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے بھی مسلم لیگ قاف کی قیادت سے ملاقات کی۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے وزیراعظم کو صادق اور امین کی بجائے ملزم ٹھرایا، نواز شریف کو پانامہ کیس کے فیصلے کے داغ کے ساتھ وزیراعظم نہیں رہنا چاہئے۔ واضح رہے کہ اتحاد کے معاملات کو آگے بڑھانے کے لئے چار جماعتی اتحاد کی قیادت پیر کو منصورہ جائے گی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button