عراق

داعش کے جلاد صفت سرغنہ نے عراق میں اپنی شکست تسلیم کر لی

عراق کی سومریہ نیوز نے صوبہ نینوا کے مقامی ذرائع کے حوالے سے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ داعش کے، جلاد صفت سرغنہ ابوبکر البغدادی نے، اپنے زیر قبضہ علاقوں میں موجود داعشیوں سے آخری خطاب کیا ہے اور اس نے اپنی شکست تسلیم کرتے ہوئے دہشت گردوں سے کہا ہے کہ وہ پہاڑی علاقوں میں روپوش ہو جائیں۔
مقامی ذرا‏ئع کا کہنا ہے کہ داعش کے، جلاد صفت سرغنہ نے اپنی اس تقریر کو اپنا آ‏خری خطبہ قرار دیتے ہوئے اس کا متن دیگر علاقوں میں موجود داعش کے جلادوں کو بھیج دیا ہے۔
ذرا‏ئع کے مطابق داعش کے جلاد صفت خطیبوں نے بھی اپنی اپنی تقریروں میں صوبہ نینوا اور عراق کے دیگر شہروں میں شکست کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالات ہمارے حق میں نہیں ہیں۔
ایک عراقی ذریعے نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ داعش کے، جلاد صفت سرغنہ ابوبکر البغدادی نے دیگر داعشی جلادوں سے کہا ہے کہ وہ عراقی فوج کے محاصرے میں، گھر جانے کی صورت میں خود کو دھماکے سے اڑالیں اور بصورت دیگر شام و عراق کے، دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں روپوش ہو جائیں۔
دوسری جانب عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے کہا ہے کہ عراقی فوج انتہائی طاقتور ہے اور وہ داعشی دہشت گردوں کا عراق کے باہر بھی تعاقب کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ اگر عراق نہ ہوتا تو داعشی دہشت گرد، خلیج فارس کے دیگر ملکوں میں بھی پہنچ جاتے۔ عراقی وزیراعظم نے کہا کہ داعش کی نابودی قریب ہے لہذا خطے کے ملکوں کو جنگ اور جھڑپوں کے خاتمے اور داعشی دہشت گردوں کی واپسی کا راستہ بند کرنے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔
اس سے پہلے عراق کے وزیرخارجہ ابراہیم الجعفری نے کہا تھا کہ جب تک شام میں موجود دہشت گرد، عراق کی سلامتی کے لیے خطرہ بنے رہیں گے، عراقی فوج، شام میں دہشت گردوں کے خلاف کاروائی جاری رکھے گی۔
شام کے نائب وزیر خارجہ فیصل مقداد، پہلے ہی یہ بات زور دیکر کہہ چکے ہیں کہ داعش کے خلاف جنگ میں دمشق اور بغداد کے درمیان مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے اور دونوں ممالک داعش کے خلاف جنگ میں ایک دوسرے کے ساتھ ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button