مولانا عبدالعزیز داعش کی حمایت کرتے ہیں انہیں گرفتار کیا جائے، پرویز مشرف
شیعیت نیوز: پاکستان کے سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ لال مسجد کے خطیب کو گرفتار کر لینا چاہئیے۔ پاکستان کے سابق صدر پرویز مشرف نے کل نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکمراں جماعت کے بہت سے وزیر کالعدم جماعتوں کے ساتھ منسلک ہیں اور جنوبی پنجاب میں وہی وزراء کارروائی کی راہ میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لال مسجد کے خطیب مولانا عبد العزیز داعش کی حمایت میں باتیں کر رہے ہیں انھیں فوری طور پر گرفتار کر لینا چاہئیے۔
پاکستان کے سابق صدر کا کہنا تھا کہ فرقہ وارانہ ذہن رکھنے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے پاکستان میں مولوی صاحبان اور مدرسوں کا غلط استعمال ہو رہا ہے، جارحانہ قسم کے بیانات کو روکنے کے لیے کام کرنا ہو گا اور دہشتگردوں کو ختم کرنا ہو گا۔ پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ ہم پر الزام لگتا رہا کہ دہشتگردوں کی مدد کی لیکن ہم نے اس تاثر کو غلط ثابت کیا جس کی مثال ضرب عضب ہے۔ آپریشن میں بڑی کامیابیاں حاصل کی گئیں، طالبان اور القاعدہ کے اہم ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔