ایران

مشہد مقدس 2017ء کیلئے عالم اسلام کا ثقافتی دارالحکومت منتخب

شیعیت نیوز: اسلامی جمہوری ایران کے شہر مشہد مقدس کو باضابطہ طور پر عالم اسلام کے ثقافتی دارالحکومت کے طور پر منتخب کر لیا گیا ہے۔ دو ہزار سترہ میں مشہد مقدس کو عالم اسلام کا ثقافتی دارالحکومت منتخب کئے جانے کی تقریب منگل کی صبح فرزند رسول حضرت امام رضا علیہ السلام کے حرم مطہر کے قدس ہال میں منعقد ہوئی، جس میں ایران کی اعلٰی شخصیات کے علاوہ دنیا کے اکیاون اسلامی ممالک کی دو سو پچاس سیاسی اور ثقافتی شخصیات نے شرکت کی۔ مشہد مقدس کو عالم اسلام کا ثقافتی دارالحکومت مقرر کئے جانے کی تقریب میں ایران کے وزیر ثقافت، حرم مطہر کے متولی اور دیگر اہم ایرانی شخصیات کے ساتھ ساتھ دنیا کے اکیاون ملکوں کے مہمانوں نے شرکت کی، جن میں وزراء، اراکین پارلیمان، ایران میں متعین غیر ملکی سفراء اور دیگر ممالک کی مذہبی اور ثقافتی شخصیات نے حصہ لیا۔ تقریب میں پاکستان، تنزانیہ، افغانستان، یوگینڈا، موریطانیہ، الجزائر اور شام کے وزرا نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ مختلف ملکوں کی دیگر سیاسی، ثقافتی اور سماجی شخصیات بھی اس تقریب میں شریک ہوئیں۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی جمہوری ایران کے وزیر ثقافت و ہدایت اسلامی سید رضا صالحی امیری نے کہا کہ عالم اسلام میں انتہا پسندی پر غلبہ پانے کا بہترین طریقہ اتحاد ہے اور امام رضا علیہ السلام کی تعلیمات سے اس اتحاد کو عملی شکل دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشہد مقدس کو عالم اسلام کا ثقافتی دارالحکومت منتخب کئے جانے سے اتحاد کی آواز کو پوری دنیا تک پہنچایا جاسکتا ہے۔ ایران کے وزیر ثقافت و ہدایت اسلامی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ موجودہ صورتحال میں اسلامی معاشروں میں اتحاد اور اخلاق کا نعرہ پوری قوت کے ساتھ بلند کیا جانا چاہئے، کہا کہ پیغمبر اسلام (ص) نے اپنی بعثت کا مقصد مکارم اخلاق کو قرار دیا تھا اور عالم اسلام کا ثقافتی دارالحکومت مقرر کرنے کے حوالے سے آیسسکو کا معیار بھی اسی بنیاد پر استوار ہے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبہ خراسان رضوی کے گورنر علی رضا رشیدیان نے بھی کہا کہ مشہد مقدس کو عالم اسلام کا ثقافتی دارالحکومت منتخب کئے جانے سے یہ گرانقدر موقع ہاتھ آیا ہے کہ عالم اسلام میں نئے اسلامی تمدن کو متعارف کرایا جائے۔ صوبہ خراسان رضوی کے گورنر نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ مشہد مقدس عالم اسلام کے مستقبل میں بنیادی کردار ادا کرسکتا ہے، کہا کہ یہ شہر عالم اسلام کے بڑے مذہبی شہروں میں سے ایک اور علاقے میں ثفافتی و نظریاتی رابطوں کا مرکز شمار ہوتا ہے۔ مشہد مقدس کو عالم اسلام کا ثقافتی دارالحکومت قرار دیئے جانے کی تقریب بدھ کو بھی جاری رہے گی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button