ایران

اربعین امام حسین (ع)، زائرین کو مزید خدمات اور سہولتیں فراہم

ایران کی اربعین کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ اب تک ایران کی سرحدی گذرگاہوں سے بارہ لاکھ زائرین عراق میں داخل ہوچکے ہیں۔

ایران کی اربعین کمیٹی کے سربراہ حمید رضا گودرزی نے اعلان کیا ہے کہ تقریبا نوے فیصد زا‏ئرین امام حسین علیہ السلام، ایران کے جنوب مغرب میں واقع مہران، شلمچہ اور چذابہ گذرگاہوں سے عراق میں داخل ہو رہے ہیں جبکہ باقی زائرین ہوائی طریقے سے بغداد اور نجف پہنچیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ سال کی بہ نسبت ایران کے سرحدی شہروں میں زائرین کو پیش کی جانے والی خدمات اور سہولیات میں چار گنا اضافہ کیا گیا ہے تاہم عراق میں اس سلسلے کی بنیادی تنصیبات تیار نہیں ہوسکی ہیں جو باعث تشویش ہے تاہم اس مسئلے کے حل کے لئے ایران اور عراق کی وزارت خارجہ اور داخلہ کی سطح پر گفتگو کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہلال احمر امدادی کمیٹی کے چار ہیلی کاپٹر بھی سرحدی گذرگاہوں پر موجود ہوں گے جن کا استعمال ضرورت پڑنے پر کیا جا سکتا ہے۔ ایران کی اربعین کمیٹی کے مطابق گذشتہ سال سترہ لاکھ ایرانی شہری اربعین امام حسین علیہ السلام کے موقع پر عراق پہنچے تھے جن کی تعداد میں اس بار تیس فیصد کا اضافہ متوقع ہے۔ رپورٹوں کے مطابق اس سال تقریبا پچیس لاکھ ایرانی شہری اربعین کے موقع پر کربلائے معلی پہنچ جائیں گے۔ دوسری جانب العالم نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران نے عراق کے شہر کوت میں فیلڈ ہسپتال قائم کردیا ہے جو ایام اربعین میں اپنی خدمات پیش کرے گا۔ رپورٹ کے مطابق عراق میں ایران کے سفیر حسن دانائی فر اور صوبہ واسط کے ادارہ صحت عامہ کے سربراہ جبار الیاسری نے اس اسپتال کا افتتاح کیا۔ جبار الیاسری نے اس موقع پر کہا کہ کوت شہر میں واقع یہ ہسپتال صوبہ واسط کے ادارہ صحت عامہ کو بھی بہتر خدمات فراہم کرنے میں مدد دے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہسپتال علاج و معالجے کی مکمل سہولیات اور جدید ترین ضروری وسائل سے لیس ہے اور اس ہسپتال کے سو ڈاکٹر زائرین امام حسین علیہ السلام کو اپنی خدمات پیش کریں گے۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button