کراچی : لشکر جھنگوی عافیہ صدیقی بریگیڈ بھی سامنے آگئی، پولیس اہلکارقتل کا دعویٰ
شیعیت نیوز: کراچی کے علاقے ناظم آباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا، اہلکار کی شناخت منور زمان کے نام سے ہوئی ہے۔ تین دن میں دو پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا ہے، قتل کی ذمہ داری کالعدم تنظیم نے قبول کرلی ہے۔ آئی جی سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی غربی سے تفصیلی رپورٹ فوری طلب کرلی ہے۔ تفصیلات کے مطابق نارتھ ناظم آباد میں ضیاء الدین اسپتال کے قریب مقتول پولیس اہلکار کوثر نیازی کالونی میں واقعے اپنے گھر سے ڈیوٹی پر جانے کے لیے نکلا تھا۔ واقعے کی اطلاع پر ملنے پر ریسکیو رضاکاروں نے زخمی کو قریبی اسپتال منتقل کیا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ مقتول اہلکار کی شناخت منور کے نام سے ہوئی ہے اور وہ نیوکراچی تھانے میں تعینات تھا۔ پولیس کے مطابق موٹرسائیکل پر سوار پولیس اہلکار پر نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کی، جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم کے 3 خول بھی ملے ہیں۔ ضابطے کی کارروائی کے لیے مقتول پولیس اہلکار کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔ اسپتال ذرائع کے مطابق پولیس اہلکار منور کو سر میں گولی مار کر قتل کیا گیا ہے۔ اسپتال میں مقتول کے اہل خانہ کی جانب سے رقت آمیز مناظر بھی دیکھنے میں آئے۔
پولیس کے مطابق نارتھ ناظم آباد میں پولیس اہلکار منور کو ملزمان نے تعاقب کے بعد نشانہ بنایا، حملہ کرنے والے ملزمان کی تعداد 2 تھی اور وہ موٹر سائیکل پر سوار تھے،ملزمان نے چلتی موٹر سائیکل پر منور زمان کو نشانہ بنایا اور فرار ہوئے۔ حملے کے نتیجے میں مقتول اہلکار کو 3 گولیاں لگیں۔ جائے وقوع سے ملنے والے خول 9 ایم ایم پستول کے ہیں ان کی فارنزک کروائی جائے گی۔ مقتول اہلکار منور زمان تین ماہ قبل 10 جولائی کو نارتھ کراچی تھانے میں تعینات ہوا تھا۔ منور زمان اس سے قبل کرائم برانچ ون میں اپنے فرائض انجام دے رہا تھا۔ پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے شواہد اور سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی گئی ہے جس کی روشنی میں تحقیقات کا عمل جاری ہے۔ دوسری جانب پولیس اہلکار کے قتل کی ذمہ داری کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی عافیہ صدیقہ بریگیڈ نے قبول کرلی ہے۔ ترجمان سندھ پولیس کے مطابق آئی جی سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی غربی سے تفصیلی رپورٹ فوری طلب کرلی ہے۔ واضح رہے کہ یہ کراچی میں3 روز میں دوسرے پولیس اہلکار کی ٹارگٹ کلنگ ہے۔