امجد صابری قتل کا مرکزی ملزم گرفتار، تعلق ایم کیو ایم سے ہے
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں کارروائی کے دوران امجد صابری قتل کیس کے مبینہ مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں حساس ادارے نے خفیہ اطلاع پر پولیس کے ساتھ مل کر کارروائی کے دوران معروف قوال امجد صابری قتل کیس کے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ملزم کی شناخت شہزاد عرف مولا کے نام سے ہوئی ہے، جو لیاقت آباد کا رہائشی ہے، جبکہ ملزم کا تعلق ایم کیو ایم سے ہے۔ شہزاد عرف مولا امجد صابری قتل کیس کا مرکزی ملزم ہے، جس نے دوران ِتفتیش انکشاف کیا ہے کہ منصوبہ بندی عزیز آباد کے علاقے میں کی تھی، جس میں اس کے دیگر ساتھی بھی شامل تھے۔ ملزم کے انکشاف کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملزمان کے ساتھیوں کی تلاش کیلئے چھاپے مارنا شروع کر دیئے ہیں۔ دوسری جانب پولیس افسران نے ملزم کو حراست میں لینے کی تصدیق نہیں کی۔ واضح رہے کہ 22 جون کو لیاقت آباد 10 نمبر پر انڈر پاس کے قریب موٹر سائیکل سوار نامعلوم دہشتگردوں نے امجد صابری کی گاڑی پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے تھے