پاکستان

محکمہ داخلہ پنجاب نےمحرم سے قبل فورتھ شیڈول فہرست اپڈیٹ کرنے کی ہدایت کردی

شیعیت نیوز: نیشنل ایکشن پلان کے تحت محرم الحرام سے قبل ہی محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے میں فورتھ شیڈول اور افغان ٹرینڈ کی فہرستیں اپ ڈیٹ کرنے کی غرض سے اضلاع سے 15 یوم کے اندر رپورٹس طلب کر لیں ہیں۔ محکمہ داخلہ کے ذرائع کے مطابق محرم الحرام کی آمد کے تناظر میں ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ (انٹرنل سکیورٹی) کی جانب سے ڈویژنل کمشنرز اور 36 اضلاع میں تعینات ڈسٹرکٹ کو آرڈینیشن افسروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع اور تحصیلوں کے حوالے سے قانون شکن عناصر اور بالخصوص ایسے افراد جن کا ماضی قریب میں کسی نہ کسی حوالے سے کالعدم تنظیموں سے تعلق رہا ہے، ان کی بابت ازسرنو معاملات کا جائزہ لیں، ان کے ناموں پر مبنی فہرستیں ترجیحی بنیادوں پر محکمہ داخلہ پنجاب کو ارسال کریں تاکہ ان کے نام فورتھ شیڈول میں ڈالے جا سکیں۔ ذرائع کے مطابق یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ ڈی سی اوز علماء، مشائخ کے اپنے اپنے اضلاع میں داخلے پر پابندی لگانے کے مجاز ہیں لہٰذا جن عناصر افراد سے خطرات لاحق ہیں، ان پر فور ی پابندی عائد کر کے ان کے احکامات کی کاپی بھی محکمہ داخلہ پنجاب کو ارسال کر دی جائے۔

واضح رہے کہ نیشنل ایکشن پلان کی آڑ میں محرم الحرام اور ربیع الاول کے جلوسوں کو محددو کیا جارہا ہے اور علماٗ ذاکرین سمیت ماتمی انجمنوں پر پابندی لگائی جارہی ہے جسکے خلاف ماہ ستمبر میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے وزیرا علیٰ پنجاب ہاوس کا گھیراو کرنے کا اعلان کیا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button