پاکستان

علامہ راجہ ناصر کی علالت، علامہ احمد اقبال نے بھوک ہڑتال تحریک جاری رکھنے کا اعلان کردیا

شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری کی علالت کے بعد ایم ڈبلیو ایم کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی اور دیگر مرکزی رہنمابھوک ہڑتالی کیمپ میں احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں۔علامہ احمد اقبال نے کہا ہے کہ علامہ ناصر عباس کی تحریک اصولی ،آئینی اور ملت تشیع کے حقوق کے لیے ہے اسے ادھورا نہیں چھوڑا جا سکتا۔قائد وحدت جب تک زیر علاج ہیں اس وقت تک اس کیمپ میں میری کابینہ کے اراکین اور میں موجود رہوں گا۔انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ محض دعووں سے نہیں ہو گا بلکہ اس کے لیے فوری،موثر اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ہمارا شروع روز سے یہی موقف اور اولین مطالبہ رہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف ملک گیر آپریشن انتہائی ضروری ہے اسے ہر حال شروع کیا جانا چاہیے لیکن موجودہ حکومت اسے مصلحت اور سیاست کی نذر کرتی آئی ہے۔اس میں مزید تاخیروطن کی سالمیت و استحکام کو داؤ پر لگانے کے مترادف ہو گی۔انہوں نے کہا 7اگست کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تحفط پاکستان کانفرنس کے انعقاد کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔کانفرنس میں شرکت کے لیے ملک بھر سے قافلے ایک روز قبل ہی پہنچنا شروع ہو جائیں گے۔وطن عزیز کے تحفط کے لیے ہم خیال اور محب وطن قوتوں کے یکجا ہونے کا وقت آگیا ہے۔ملک دشمن طاقتوں کے عزائم خاک میں ملانے کے لیے مشترکہ سیاسی جدوجہد کی ضرورت ہے۔علامہ ناصر عباس کی صحت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ رپورٹس آنے کے بعد ہی اصل صورتحال واضح ہو گی تاہم علامہ صاحب شدید نقاہت اور کمزوری کا شکار ہونے کے باوجود بھوک ہڑتال ختم کر نے پر ابھی تک آمادہ نہیں ہیں جوہم سب کے لیے انتہائی تشویش کا باعث ہے۔سربراہ مجلس وحدت مسلمین نے بھوک ہڑتال کے خاتمے کو مطالبات کی منطوری سے مشروط کر رکھا ہے۔حکومت تمام صورتحال سے بخوبی آگاہ ہونے کے باوجود تاخیری حربے اختیار کر رہی ہے جو حکمرانوں کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہوں گے۔علامہ ناصر عباس کی خیریت دریافت کرنے کے لیے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی آمد و رفت کا سلسلہ جاری ہے۔مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماوں نے علامہ ناصر عباس کی خیریت دریافت کرنے کے لیے فون کیا اور کی صحت یابی کے لیے دعا کی.

متعلقہ مضامین

Back to top button