اسلام آباد: رہبر انقلاب اسلامی کے خصوصی نمائندہ امور حج کی پاکستانی وزیر حج سے ملاقات
شیعیت نیوز: رہبر معظم سید علی خامنہ ای کے نمائندے اور ایرانی حاجیوں کے سرپرست نے کہا ہے حج جیسے عظیم مذہبی فریضے کے معاملے پر تمام اسلامی ریاستوں بالخصوص اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کے درمیان سفارتکاری کا سلسلہ جاری رہنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد کے دورے پر آنے والے حجت الاسلام سید علی قاضی عسگر نے گزشتہ روز پاکستان کے وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کے ساتھ ایک ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایرانی وفد کے سربراہ حجت الاسلام قاضی عسگر نے گزشتہ سال مکہ مکرمہ میں پاکستانی وزیر مذہبی امور کے ساتھ ہونے والی اپنی ملاقات کا تذکرہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ حج معاملے پر ایک دوسرے کے تجربات کے تبادلے کے لئے سفارتکاری کا سلسلہ جاری رکهنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور پاکستان کی جانب سے بڑی تعداد میں زائرین حج اور عمرہ کے لئے جاتے ہیں اس لئے دونوں ملکوں کے حکام کے درمیان حج کے حوالے سے رابطوں میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔ قاضی عسگر نے کہا کہ ہر سال پاکستان سے کافی بڑی تعداد میں زائرین ایران میں موجود مقدس اور مذہبی مقامات کی زیارت کے لئے اس ملک کا سفر کرتے ہیں اور ان زائرین کی مزید سہولیات کی فراہمی کے لئے دونوں ممالک ایک دوسرے کے تعاون میں مزید اضافہ کریں گے۔ انہوں نے اسلام فوبیا کے مسئلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے بعض طاقتیں شیطانی عزائم کے ذریعے دنیا میں اسلام فوبیا کو فروغ دینے کی سازش کر رہی ہیں۔ اس ملاقات کے دوران ایرانی وفد کے سربراہ نے پاکستانی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کو دورہ ایران کی دعوت دی جس کا پاکستانی وزیر نے خیرمقدم کیا۔ پاکستانی وزیر مذہبی امور نے اس بات پر زور دیا کہ ایران اور پاکستان مختلف شعبوں بالخصوص حج کے حوالے سے باہمی مشاورت اور تعاون کو مزید فروغ دیں گے