یمن

انصار اللہ کی یمن میں سیاسی راہ حل پر تاکید

یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ نے اس ملک کے بحران کے حل کے لئے جلد از جلد ایک سیاسی راہ حل پیش کئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی ہے

تحریک انصار اللہ کے ترجمان اور کویت امن مذاکرات میں اس تحریک کے وفد کے سربراہ محمد عبدالسلام نے کہا ہے کہ یمن کے مختلف علاقوں پر جارح سعودی اتحاد کے گذشتہ سولہ مہینوں سے جاری حملوں کے بعد اس ملک کے بحران کو ختم کرنا اور اس کے لئے ایک جامع راہ حل پیش کرنا ضروری ہے-

محمد عبدالسلام نے مزید کہا کہ ایک جامع راہ حل ، سیاسی ، سیکورٹی اور اقتصادی قومی قوتوں پر مشتمل صدارتی کونسل کی تشکیل ، تمام سیاسی گروہوں کی شمولیت سے قومی اتحاد کی حکومت کی تشکیل، سیاسی مذاکرات کا آغاز اور متفقہ ایگزیکٹیو حکومت کے ذریعے فوجی و سیکورٹی تدابیر اختیار کرنا ہے-

محمد عبدالسلام نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ سعودی عرب کے محاصرے کے باعث یمن میں پیدا ہونے والے مسائل اور بدحالی کے سلسلے میں اپنی ذمہ داریوں پرعمل کرے اور محاصرے کو ختم کرانے کے لئے فوری اقدام کرے-

تحریک انصار اللہ کے ترجمان نے یمن سے غیر ملکی فوجیوں کے انخلاء کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے ، اس ملک کو ہونے وا لے نقصانات کے ازالے، تعمیر نو اور اقوام متحدہ کی ساتویں شق سے اس ملک کو نکالنے کی ضمانت دیئے جانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ تمام فریق، فوجی اور سیکورٹی تدابیر پرعمل کریں کیونکہ دشمن کے جنگی جہاز، اپنے جرائم مسلسل جاری رکھے ہوئے ہیں اور فریق مقابل جنگ بندی اور اقتصادی رکاوٹوں کو دور کرنے کے معاہدے پر عمل نہیں کر رہا ہے-

یمن میں قیام امن کے لئے کویت میں ہونے والے مذاکرات کا دوسرا دور سنیچر سے شروع ہوا ہے ان مذاکرات میں سعودی عرب سے وابستہ وفد اور یمن کے قومی وفود موجود ہیں-

متعلقہ مضامین

Back to top button