ایران

امریکہ نے جامع ایٹمی معاہدے کے تحت اپنے وعدے پورے نہیں کیے، علی اکبر ولایتی

ایران کے اسٹریٹیجک ریسرچ سینٹر کے سربراہ علی اکبر ولایتی نے کہا ہے کہ امریکہ نے جامع ایٹمی معاہدے کے تحت اپنے وعدے پورے نہیں کیے ہیں۔

 تہران میں موتلفہ اسلامی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرعلی اکبر ولایتی نے یہ بات زور دیکر کہی کہ ایران کے خلاف عائد پابندیاں مکمل طور ختم نہیں ہوئی ہیں، کیونکہ امریکہ نے، جامع ایٹمی معاہدے میں جن شقوں پر زور دیا گیا تھا، ان پر عمل نہیں کیا۔

اسٹریٹیجک ریسرچ سینٹر کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ایران نے جامع ایٹمی معاہدے کے تحت اپنے تمام وعدے پورے کر دیئے ہیں۔

انہوں نے رہبر انقلاب اسلامی کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ امریکہ ایمٹی پابندیاں اٹھا لے لیکن کسی اور بہانے سے یہی پابندیاں دوبارہ عائد کر دی جائیں جو ایران کسی صورت میں قبول نہیں کرے گا۔

عالمی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر نے واضح کیا کہ جامع ایٹمی معاہدے کے تحت مقابل فریقوں کو ایران کے لیے مختلف سہولتیں مہیا اور پابندیاں ختم کرنا ہیں تاکہ اقتصادی معاملات میں مشکلات پیش نہ آئیں، لیکن عملی طور پر انہوں نے اپنے وعدوں پر عمل نہیں کیا۔

ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے خطے میں ایران کی پوزیشن کو پہلے سے زیادہ مستحکم قرار دیا اورعراق کی صورتحال کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ داعش کو فلوجہ میں شکست ہو چکی ہے اور عراق کے حالات استحکام کی جانب گامزن ہیں۔

رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر نے واضح کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران خطے کے امن اور استحکام کی خاطر، مزاحمتی قوتوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button