پاکستان

آرمی چیف نے لشکر جھنگوی ،طالبان کے ۱۲ دہشتگردوں کی سزا موت کی توثیق کردی

 شیعیت نیوزـ: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور لشکر جھنگوی سے تعلق رکھنے والے 12 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ تمام دہشت گرد فوج، عوام، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور اسکولوں پر حملوں میں ملوث تھے، اور فوجی عدالتوں نے تمام دہشت گردوں کو جرم ثابت ہونے پر سزائے موت سنائی تھی۔

حمد قیوم باچا ولد میاں سعید غنی کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کا سرگرم رکن تھا اور مسلح افواج کے جوانوں و افسران، گرلز پرائمری اسکول اور مرکز صحت پر حملوں میں ملوث تھا۔

محمد قیوم نے ٹرائل کورٹ میں مجسٹریٹ کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کیا اور اسے 4 چارجز میں سزائے موت سنائی گئی۔

محمد آصف ولد انور حسین، شہادت حسین ولد انور حسین اور یاسین ولد محمد یار حسین کالعدم لشکر جھنگوی کے سرگرم کارکن تھے اور شیعہ ،مسلمانو ں کے قتل اور فورسز پر حملوں میں ملوث تھے، جبکہ ان کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا تھا۔

محمد آصف اور شہادت حسین کو 5 چارجز جبکہ یاسین کو 5 چارجز میں موت کی سزا سنائی گئی۔

دہشت گرد محمد طیب ولد امیر زادا کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کا سرگرم رکن تھا اور اسے فوجی جوانوں اور شہریوں پر حملوں کے 3 چارجز میں سزائے موت سنائی گئی۔

سید اکبر ولد لائیبر خان اور محمد ایاز ولد محمد جان بھی کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کا سرگرم کارکن تھے اور مسلح افواج پر متعدد حملوں میں ملوث تھے، جن میں کئی شہادتیں ہوئیں، جبکہ دونوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا تھا۔ سید اکبر اور محمد ایاز کو مجسٹریٹ کے سامنے 2،2 چارجز میں اعتراف جرم پر سزائے موت سنائی گئی۔

برکت علی ولد عبد الغفار کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کا سرگرم کارکن اور عام شہریوں کے قتل میں ملوث تھا، جبکہ اس کے قبضے سے آتشیں ہتھیار اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔

عزیز الرحمٰن ولد عبد الجلال بھی تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کا سرگرم کارکن اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے میں ملوث تھا، جن میں پولیس کانسٹیبل ہلاک ہوا۔ عزیز الرحمٰن ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے دکانیں تباہ کرنے کے واقعے میں بھی ملوث تھا اور اسے 3 چارجز میں موت کی سزا سنائی گئی۔

حسین ڈار ولد محمد رحیم، اسحٰق ولد عبد الحئی اور بہرام شیر ولد خیران بھی کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کا سرگرم کارکن تھے اور فوج، قانون نافذ کرنے والے اداروں، عام شہریوں اور گرلز اسکول پر حملوں میں ملوث تھے جن میں پولیس کانسٹیبلز اور جونیئر کمیشنڈ آفیسر سمیت متعدد افراد ہلاک و زخمی ہوئے اور انہوں نے فوجی عدالت کے مجسٹریٹ کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button