ایران کا شامی اور عراقی حکومتوں کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان
اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی سلامتی کونسل کے سکریٹری علی شمخانی نے عراق کی اعلی اسلامی انقلابی کونسل کے سربراہ عمار حکیم کے ساتھ ملاقات میں کہا ہے کہ ایران کی طرف سے شامی اور عراقی عوام اور حکومتوں کی حمایت کا سلسلہ جاری رہےگا۔ علی شمخانی نے فلوجہ میں وہابی دہشت گردوں کی شکست کو عراقی عوام اور حکومت کی بہت بڑی کامیابی قراردیتے ہوئے کہا کہ عوامی اجتماعات پر بم دھماکے دہشت گردوں کی بزدلی اور شکست کی علامت ہیں۔
علی شمخانی نے کہا کہ دہشت گردوں کی پشت پر امریکہ ، اسرائيل اور سعودی عرب کا ہاتھ ہے امریکہ دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کے بجائے انھیں پیشرفتہ ہتھار فراہم کررہا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ ناقابل اعتبار ملک ہے امریکی باتوں میں نہیں آنا چاہیے امریکہ کہتا کچھ ہے اور کرتا کچھ اور ہے۔
شمخانی نے کہا کہ اللہ تعالی دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کو ان کے ظالمانہ، مجرمانہ اور بہیمانہ اقدامات پر کبھی معاف نہیں کرےگا۔ اس ملاقات میں عمار حکیم نے بھی عراق کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔