پاکستان

کراچی | حالیہ وارداتوں میں ملوث افراد کی تلاش میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے،آرمی چیف

شیعیت نیوز: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے رینجرز اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ کراچی میں حالیہ وارداتوں میں ملوث افراد کی تلاش میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل راحیل شریف نے رینجرز ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے انہیں کراچی آپریشن اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ آرمی چیف نے کراچی میں امن کے لیے رینجرز کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سندھ رینجرز کی جانب سے شہر کو دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد سے صاف کرنے کے عزم اور ہمت کو شہریوں کی جانب سے قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ شہر سے دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور مالی معاونین کے نیٹ ورک کے مکمل خاتمے کے لیے بلاامتیاز آپریشن جاری ہے، جو شہر میں امن کے قیام کے حصول تک جاری رہے گا، جبکہ رینجرز کو کراچی آپریشن میں ہر طرح کا تعاون فراہم کیا جائے گا۔ آرمی چیف نے حالیہ واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے انٹیلی جنس ایجنسیوں سمیت تمام کمانڈروں کو ہدایت کی وہ ایک دوسرے سے تعاون جاری رکھیں اور حالیہ وارداتوں میں ملوث افراد کی تلاش میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔ واضح رہے کہ کراچی میں امن و امان کی حالیہ صورتحال پر غور کے لیے کور ہیڈ کوارٹرز میں اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کیا گیا تھا، جس میں شرکت کے لیے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کراچی پہنچے تھے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button