پاکستان

متحدہ کے قائد الطاف حسین کی طرف سے ملت تشیع کے موقف کی حمایت قابل ستائش ہے،علامہ ناصر عبا س جعفری

شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین کی جانب سے ملک میں جاری شیعہ ٹارگٹ کلنگ اور انتہا پسندی کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کی بھوک ہڑتال کی حمایت اور یکجہتی پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے متحدہ کے قائد الطاف حسین کی طرف سے ملت تشیع کے موقف کی حمایت قابل ستائش ہے۔ ملک کو انتہا پسندی کے عفریت سے چھٹکارا دلانے کے لیے تمام اعتدال پسند سیاسی و مذہبی قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا ہونا ہو گا۔مذہبی انتہاپسندی اور تکفیریت کا فروغ وطن عزیز کے استحکام اور قومی امن و سلامتی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سیاسی و مذہبی مخالفین کے خلاف استعمال کرنے کی بجائے ملک دشمن کالعدم تنظیموں کی سرکوبی کے لیے استعمال کرے ۔انہوں نے کہا کہ اگر نیشنل ایکشن پلان کو سیاسی و مذہبی مخالفین کے خلاف استعمال کرنے کی بجائے دہشت گردوں کے خلاف استعمال کیا جاتا تو امجد صابری جیسا عاشق رسول ﷺ اور خرم ذکی شہید نہ ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن پر متحدہ قومی موومنٹ کے تحفظات دور کیے جائیں اور ریاستی ادارے ملک دوست قوتوں کو دشمن گرداننے کی پالیسی ختم کریں ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ کالعدم تنظیموں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کے تحت فوری کاروائی کا آغاز کیا جائے تاکہ ملک میں دیرپا امن کا قیام ممکن ہو سکے۔ علامہ ناصرعباس جعفری نے امید ظاہر کی ہے کہ مظلومیت کے حق اور ظلم کے خلاف ہماری آواز کو ایم کیو ایم پارلیمنٹ میں بھی بلند کرے گی۔انہوں نے ملک کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا جن کے مرکزی رہنماوں نے احتجاجی کیمپ میں آکر اظہار یکجہتی کیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button