ایران

ایران کا جامع ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی کی بابت امریکہ کو انتباہ

ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر نے جامع ایٹمی معاہدے کی ممکنہ خلاف ورزی کی بابت امریکہ کو سخت متنبہ کیا ہے۔

لبنان کے المیادین ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے اسپیکر علی لاریجانی نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اگر امریکہ نے ایٹمی معاملے میں ذرہ برابر غلطی کی تو ایران بھی راست اقدامات کرے گا۔

انہوں نے جامع ایٹمی معاہدے پر عملدرآمد کے حوالے سے امریکہ کی وعدہ خلافیوں پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ تاحال جامع ایٹمی معاہدے کے بہت سے حصوں پر عملدرآمد نہیں ہوسکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی پارلیمنٹ جامع ایٹمی معاہدے پر مکمل علمدرآمد کی خواہاں ہے اور صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

ڈاکٹرعلی لاریجانی کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے تمام ارکان قومی مفادات اور ملک کی خودمختاری اور آزادی کے محافظ ہیں اور ان کی نگاہیں مستقبل کی جانب لگی ہوئی ہیں۔

خطے کی صورتحال کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر علی لاریجانی نے کہا کہ ایران کے چاروں طرف اتنی بدامنی کبھی نہیں تھی جتنی آج ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اسلامی ملکوں میں قیام امن کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں پرعمل کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عراق اور شام کے عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔ اسپیکر نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ بھی اسلامی جمہوریہ ایران کی اہم ترین ترجیح ہے اور ایران اپنے فلسطینی بھائیوں کے ہمیشہ ساتھ رہے گا۔

ڈاکٹر علی لاریجانی نے واضح کیا کہ اسلامی انقلاب کا مقصد ہی مسلمانوں کی مدد اور ان کے درمیان اتحاد قائم کرنا ہے اور ایران کے آئین میں بھی اسلامی اتحاد کو بنیادی اصول تسلیم کیا گیا ہے۔

انہوں نے گزشتہ سال حج کے دوران پیش آنے والے سانحے اور اس سال ایرانی حاجیوں کی عدم شرکت کے بارے میں کہا کہ جب تک سعودی حکام ایرانی حجاج کرام کے احترام اور ان کوتحفظ کی ضمانت نہیں دیتے ایرانی حجاج کرام حج کے لیے نہیں جائیں گے۔

انہوں نے سانحہ منی کو سعودی حکام کے چہرے پر لگا بد نما داغ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سعودی حکام حج کے اچھے منتظم ثابت نہیں ہوئے

متعلقہ مضامین

یہ بھی ملاحظہ کریں
Close
Back to top button